ریاض۔۔۔ہیش ٹیگ پر سعودی عرب میں رائے عامہ کا ایک عجیب و غریب سلسلہ شروع ہوا ہے ۔ عنوان ہے ’’ شادی یا کنوار پن ‘‘۔ نوجوان لڑکے لڑکیاں 2فریقوں میں منقسم ہیں۔ بعض نوجوانوں کا کہنا ہے کہ شادی کی کوئی ضرورت نہیں ۔ شادی بندھن کا نام ہے ۔ پریشانیاں لاتی ہے ۔ غیر معمولی ذمہ داریوں کا بوجھ بڑھ جاتا ہے ۔بیشتر سعودی خواتین شادی کی مخالفت پر کمر بستہ نظر آرہی ہیں ۔ سلمان نامی ایک نوجوان سعودی شہری کہتا ہے کہ شادی ضروری ہے ۔ غیر شادی شدہ شخص ریگستان میں بے مقصد گھومنے والے انسان کی طرح ہے ۔ مصطفی نامی ایک اور نوجوان نے شادی کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ شادی شدگان کی قسمت کا کیا کہنا ۔ مسعد کا کہنا ہے کہ شادی کنوارے رہنے سے زیادہ بہتر ہے اور 2،3اور 4ہو جائیں تو کیا کہنا ۔ ریم کا کہنا ہے کہ میں شادی کیخلاف ہوں۔ شادی کا مطلب گھر داری ، بچوں اور شوہر کی نگہداشت اور دنیا بھر کے مسائل ہیں ۔ ہیفا کا کہنا ہے کہ ہر دور کی اپنی خوبیاں اور خامیاں ہیں ۔ سمجھدار شوہر کے ساتھ زندگی اچھی بسر ہوتی ہے ۔پریشان کن شوہر زندگی کو دوزخ بنا دیتا ہے ۔ سحر کا کہنا ہے کہ بغیر شادی کے رہنا زیادہ اچھا ہے ۔ دولت ہو ، پاسپورٹ ہو اور اچھی ملازمت ہو، لطف ہی لطف ہے ۔ رغود نامی لڑکی کا کہنا ہے کہ ذمہ دار مرد نایاب ہو چکے ہیں ۔