ظہیر عباس پشاور زلمی کے فرنچائز صدر منتخب،جاوید آفریدی
پشاور:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آئی سی سی کے سابق صدر ظہیر عباس کو پشاور زلمی فرنچائز کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ سابق کپتان ظہیر عباس ایشیائی بریڈمین کی عرفیت سے بھی سے مشہور رہے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کےلئے062 5 رنز اور 62 ون ڈے میں 572 2رنز بنائے۔ ظہیر عباس پاکستان کے واحد بلے بازبھی ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 100 سے زائد سنچریاں بنائیں۔پشاور زلمی گروپ کی جانب سے ظہیر عباس کو صدر بنائے جانے کا اعلان کرنے پر چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ ظہیر عباس جیسے کرکٹ اسٹار پشاور زلمی ٹیم کی صدارت کریں گے۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ یہ زلمی ٹیم کے لئے اعزاز ہے کہ پی ایس ایل 3میں دنیائے کرکٹ کے عظیم سابق کھلاڑی ہمارے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ضرورت ہے کہ ڈیرن سامی کی کپتانی اور ظہیر عباس کی صدارت میں پشاور زلمی کو عالمی سطح پر مقبول کیا جائے تاکہ بین الاقوامی افریقہ کے گلوبل ٹی 20 لیگ میں بینونی زلمی ٹیم کامیابی حاصل کر سکے۔پشاور زلمی ٹیم میں شمولیت کے بعد ظہیر عباس نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ نے پاکستان کی کرکٹ کو نئے عروج پر پہنچایا ہے اور وہ پشاور زلمی گروپ کے چیئرمین جاوید آفریدی کے نقطہ نظر کی تعریف کرتے ہیں۔ظہیر عباس کا مزید کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ زلمی ٹیم آئندہ پی ایس ایل سیزن 3 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی تاکہ اپنی کامیابی برقرار رکھ سکے۔