سول سروسز کی تیاریوں کیلئے مشورے، طلباءکی نویں جماعت سے ذہن سازی کرنا ہوگی ، انڈین کمیونٹی
جدہ (امین انصاری )انڈین سوشل فورم جدہ کا ایک خصوصی اجلاس ہندوستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کے ہمراہ صدر اشرف موریار کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں انڈین سول سروسز میں تارکین وطن کے بچوں کو داخلے کیلئے شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر گفتگوکی گئی ۔ فورم نے سرکردہ شخصیات کی توجہ سول سروسز کی طرف مبذول کروانے کیلئے اجلاس منعقد کیا تھا ۔مختلف اسٹیٹ اور مختلف تنظیموں کے سربراہوں نے اپنی اپنی رائے اجلاس کو پیش کی ۔ انڈین سوشل فورم جدہ 24 اور 25 نومبرکو جدہ میں 2 دن سول سروسز کی کوچنگ کا اہتمام کررہی ہے جس میں 150طلباءوطالبات کو کوچنگ دی جائے گی ۔ کوچنگ کیلئے انڈیا سے 2 ٹرینرز کو اسپیشل طور پر مدعو کیا گیا ہے جو سول سروسز کی کوچنگ کے ماہر ہیں ۔ سیادت علی خان ، شوکت خان ، قادر خان ، آصف رمیز داو¿دی، شمیم کوثر اور دیگر احباب نے مشورہ دیا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم طلباءکی نویں جماعت سے ہی ذہن سازی کریں اور انکے تعلیمی معیار کو دیکھتے ہوئے انہیں صحیح مشورہ دیکر ان کے مستقبل کی تعلیم کی کوچنگ دینا چاہئے ۔ یہ بڑا المیہ ہے کہ ہر طالب علم کے والدین اپنے بچے کو انجینیئر اور ڈاکٹر تک محدود کردیتے ہیںجبکہ بے شمار دیگر تدریسی شعبہ جات میں کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔ ہمیں آئی پی ایس ، آئی اے ایس اور دیگر شعبوں میں طبع آزمائی کرنا چاہئے ۔ شرکاءاجلاس نے کہا کہ اس بار 2 دن کی کوچنگ ہورہی ہے آئندہ ہم اس کو کم از کم 20 دن یا پھر 2 ماہ تک کی کوچنگ کیلئے راہ ہموار کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے بہتر انداز میں امتحان کیلئے اہل ہوسکیں ۔ علی کویا نے تمام شرکاءاور پروگرام آرگنائزر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشورے نوٹ کرلئے گئے ہیں اور اس پر سبھی کے مشورے سے عملدرآمد کرتے ہوئے وقفہ وقفہ سے اعلان کیا جائے گا ۔