پاکستان سمیت 32 ممالک کے اسٹالز ، 214 کمپنیوں کی 600 سے زائد مصنوعات پیش کی جارہی ہیں
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سیاحتی کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبداللہ بن سعود نے اشیائے خورونوش کی بین الاقوامی نمائش "فوڈایکس2017 " کا افتتاح کیا ۔ نمائش میں پاکستان سمیت 32 ممالک کے اسٹالز لگائے گئے تھے ۔ پاکستانی پویلین کے افتتاح کے موقع پر شہزادہ عبداللہ بن سعود کے ہمراہ قونصل جنرل شہریار اکبر خان اور کمرشل قونصلر شہزاد احمد کے علاوہ پاکستان قونصلیٹ کے اہلکار بھی موجود تھے ۔ سیاحتی کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبداللہ بن سعود نے نمائش کے افتتاح کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگوکر تے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ کےلئے ہوٹل انڈسٹری بے حد اہم ہے ۔ اس میں شک نہیں کہ اشیائے خوردونوش کے حوالے سے مملکت کی مارکیٹ کی افادیت کسی سے پوشیدہ نہیں ۔ بین الاقوامی اور مقامی تاجروں کے لئے خاص اہمیت کی حامل ہے ۔ دریں اثناء پاکستانی قونصل جنرل شہر یار اکبر خان نے کہا سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کےلئے قونصلیٹ ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ فوڈ ایکس 2017 میں پاکستان کی 11 معروف کمپنیاں شرکت کررہی ہیں جن کا شمار پاکستان کی بہترین کمپنیوں میں ہوتا ہے ۔ اشیاءخوردونوش کی درآمد میں سعودی عرب کا شمار بڑے ممالک میں ہوتا ہے ۔ مقامی مارکیٹ کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ توقع ہے کہ اشیائے خورونوش کے میدان میں آئندہ 5 برسوں میں سعودی مارکیٹ کی طلب 70 بلین ڈالر سالانہ تک پہنچ جائے ۔ شہریار خان نے مزید کہا کہ پاکستانی صنعتکاروں کےلئے سعودی مارکیٹ میں عمدہ مواقع ملیں گے ۔ ہمیں اس امر کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جس کی 50 فیصد ایکسپورٹ ایگرو اور ٹیکسٹائل پر محیط ہے ۔ اس موقع پر کمرشل قونصلر شہزادہ احمد خان نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو قونصلیٹ کی جانب سے بھرپور تعاون پیش کیا جارہا ہے تاکہ وہ اپنی مصنوعات کو بہتر طور پر مملکت میں متعارف کروا سکیں ۔ واضح رہے فوڈیکس 2017 کا یہ 5 واں برس ہے جس کا انعقاد انتہائی کامیابی سے جاری ہے ۔ نمائش میں 214 کمپنیوں کے 600 سے زائد مصنوعات پیش کی جارہی ہیں ۔ نمائش 15 نومبر تک جا ری رہےگی ۔