کراچی ...ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کے لئے کام کر رہے ہیں، ایک قدم پیچھے نہیں ہٹے۔ اگر ایم کیوایم پاکستان رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں بنتی توان پرمقدمات کیوں چل رہے ہیں۔ انہوں نے کوئی بھی معاہدہ کرانے کی تردید کی ۔نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس پی اورایم کیوایم والے8 ماہ سے ایک دوسرے سے رابطے میں تھے، دونوں جماعتیں ضم ہوں یاالگ الگ سیاست کریں تصادم نہیں ہوناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز سول اور ملٹری انٹیلی جنس اداروں کی مدد کے بغیر نہیں چل سکتی ۔ پاکستان میں غیرملکی ایجنسیاں دہشت گردی میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ سیاست میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری نہیں ہونی چاہیے ۔ کراچی میں روزانہ 8سے 10 کروڑ بھتہ لیاجاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں کسی گینگ کاکوئی وجود نہیں۔لیاری کوبھی پاکستان کے دیگر علاقوں کی طر ح بنا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے امن کے لئے سیکیورٹی اداروں کا ساتھ دیں۔