اس تقریری مقابلے میں پاکستانی طلبہ کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے طلبہ نے بھی بھر پور حصہ لیا
ابو علی بڈانی۔طائف
پاکستان انٹرنیشنل ا سکول طائف میں یوم اقبال کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام ا سکول کی لٹریری سوسائٹی نے کیا۔ ڈسپلن کے فرائض عنایت اللہ جان نے ادا کیے۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انچارج لٹریری سوسائٹی عدنان مرزا نے سر انجام دیے۔ ججز کے فرائض امجد سعید بھٹی اور ضیاء اللہ خان نے سر انجام دیے۔ اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہواجس کی سعادت اسکول کے ہونہار طالب علم سعدالرحمان نے حاصل کی۔ تقریری مقابلے کی تقریب 2حصوں پر مشتمل تھی۔ پہلے حصے میں جماعت پنجم سے سیکنڈا ئیر کے طلبہ نے حصہ لیاجبکہ دوسرے حصے میں جماعت اول سے چہارم تک کے طلبہ نے حصہ لیا۔ اس تقریری مقابلے میں طلبہ نے علامہ اقبال کا 141 واں یوم پیدائش مناتے ہوئے انھیں بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ آج تک دنیا بھر میں کوئی ایسی مثال موجود نہیں کہ کسی شاعر نے قوم کی تقدیر بدلنے میں اتنا اہم کردار ادا کیا ہوجتنا علامہ اقبال ؒ نے کیا ہے۔ وہ پوری امت مسلمہ کے شاعر ہیں۔اُن کے کلام سے ہمیں آج بھی استفادہ کرنا چاہئے۔ ان کا کلام عصر حاضر میں بھی ہماری رہنمائی کرتاہے۔ بتانِ رنگ وخوں کو توڑ کر ملت میں گم ہو تورانی رہے باقی، نہ ایرانی ،نہ افغانی اس دوران سعید احمد لغاری کا تیار کردہ نغمہ طلبہ نے ـ اقبال ہے اقبال ہے اقبال ہمارا ترانہ پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو خوب گرمایا ۔ استاد محمد یٰسین نے اپنی تقریر میںفرمایا کہ علامہ کے پیغام نے سوتے ہوئے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔ آپؒ نے اپنی شاعری کو قوم کی اصلاح کا ذریعہ بنایا۔ اسکول پرنسپل قیصر خان نے اپنی تقریر میں علامہ اقبال کے مرد مومن اور تصور ِشاہین کی وضاحت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ نے مسلمانوں کو آزادیٔ عمل، خودداری اور عالمگیر اخوت کا پیغام دیاہے اور محنت، جفاکشی اور بلند ہمتی کی تعلیم دی ہے۔ ایمانِ کامل ، مستقل مزاجی اور عمل کا درس دیا ہے۔ علامہ اقبال کا پیغام اسلام کا پیغام ہے۔ اُنھوں نے اپنی شاعری میں قرآن کے سمند ر سے موتی چنے ہیں ۔ قرآن ایک ایسا آئین زندگی ہے جو ہر دور کے انسان کی ضرورت ہے۔ قاری شاہد نے اسکول کی ترقی اور ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کی۔ اس تقریری مقابلے کی ایک خصوصیت یہ بھی تھی کہ اس میں پاکستانی طلبہ کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے طلبہ نے بھی بھر پور حصہ لیا۔اس تقریری مقابلے میں مندرجہ ذیل طلبہ انعامات کے مستحق ٹھہرائے گئے: عدیل یٰسین، عبداللہ ساجد ، عبدالرحمان عابد، سعد الرحمان، عبداللہ انور ،عبدالصمد، واصف،عبداللہ قیصر، محمد عمر ، سعدعدنان، سعید ذاکر ، علی ممتاز، محمد اجواد، مصطفی مرزا، محمد یوسف ، ثاقب سلیم، طہ ٰمحمد اشتیاق۔