سعد الحریری کا استعفیٰ اورلبنان کی موجودہ صورتحال، سعودی اخبارات کے اداریئے
سعودی اخبارات نے منگل کو لبنان کے سابق وزیراعظم سعد الحریری کے استعفے اور اس کے بعد کی صورتحال کے حوالے سے اپنے اداریئے تحریر کئے ہیں جو نذر قارئین ہیں:
لبنان عرب ملک ہے۔ الریاض
لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد الحریری نے المستقبل ٹی وی کو انٹرویو دیکر اپنے استعفے او راس کے ماحول کی بابت پھیلائی جانے والی افواہوں کو زندہ درگور کردیا۔ انہوں نے نہ صرف یہ کہ افواہوں کاقلع قمع کیا بلکہ یہ بات بھی لبنان سمیت تمام عربوں پر واضح کردی کہ سعودی عرب نے لبنان کے اندرونی امور میں کبھی مداخلت نہیں کی۔البتہ جب ایرانی میزائل دہشتگرد تنظیم حزب اللہ کی زیر قیادت حوثیوں کے ٹھکانوں سے سعودی دارالحکومت پر داغا گیا تو تب سعودی عرب نے صدائے احتجاج بلند کی۔سعودی عرب نے مختلف فریقوں پر مشتمل لبنان سے جارحانہ عمل بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ لبنان میں وہ فریق بھی موجود ہے جو سعودی عرب سے عداوت رکھتا ہے اور طرح طرح سے حوثی ملیشیا کا ساتھ دے رہا ہے۔ سعد الحریری نے اپنے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ لبنان کا استحکام ، اسکی معیشت اور آزادی سعودی عرب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سعد الحریری لبنان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔
پتہ نہیں لبنانی میڈیا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مستعفی وزیراعظم سعد الحریری کے درمیان ہونے والی اس گفتگو کو اسکا حقیقی حق دینگے یا نہیں جس میں شہزادہ محمد بن سلمان نے مستقبل کے سعودی منصوبے ”نیوم“ میں لبنانی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ کیا یہ لوگ لبنان سے سعودی عرب کی گہری دلچسپی کا احساس کرسکیں گے؟
اس میں کوئی شک نہیں کہ سعد الحریری کے استعفے اور انکے وضاحتی بیان سے قبل کا لبنان وہ نہیں ہوگا جو استعفے اور وضاحتی بیان کے بعد کا ہوگا۔ بلاشبہ لبنانی سیاستدانوں کے سامنے صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ یہ کہ وہ نعرے بازی اور زمینی حقائق میں فر ق کرنا سیکھیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
سعدالحریری نے دروغ بیانیوں پر پانی پھیر دیا۔ الیوم
لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد الحریری نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر ریاض سے دیئے گئے اپنے انٹرویو میں اس امر پر زوردیا کہ لبنان کے حوالے سے حزب اللہ کے تجاوزات کو چھپانے کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ حزب اللہ شریک حکومت ہے ۔ چونکہ سعد الحریری تمام لبنانیوں کے قائد ہیں لہذا وہ کسی بھی فریق کے گورکھ دھندوںاور تجاوزات پر پردہ ڈالنے کے مجاز نہیں۔ انہوں نے حزب اللہ کے قائد کی دروغ بیانیوں کا پردہ چاک کردیا جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب نے سعد الحریری سے استعفی دلایا ہے اور سعد الحریری اپنی مرضی کے مالک نہیں رہے۔ وہ کسی سے ملاقات تک نہیں کرسکتے۔ خادم حرمین شریفین اورمتعدد عالمی و مقامی شخصیات کے ساتھ سعد الحریری کی تصاویر جاری ہوئی تو حزب اللہ نے یہ کہہ کر انکی اہمیت گھٹا دی کہ یہ آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے جاری کی جارہی ہیں۔
المستقبل چینل نے سعد الحریری کے ساتھ انٹرویو براہ راست ناظرین کو دکھایا اور اناﺅنسر خاتون نے ذہانت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا استعمال کرتے ہوئے گفتگو کے دوران عراق میں زلزلے کا تذکرہ کرکے ناطرین کو یہ بھی اطمینان دلایا کہ انٹرویو ابھی ہورہا ہے۔ یہ ماحول دیکھ کر حزب اللہ کے ماتحت چینلز نے اپنی نشریات بند کردیں تاکہ ناظرین کو حقائق معلوم نہ ہوں اورانکی دروغ بیانیوں پر پردہ پڑا رہے۔سعد الحریری نے حزب اللہ کی دروغ بیانیوں کو طشت از بام کردیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ وطن جلد واپس ہونگے۔ وہ ریاض میں اپنے گھر میں سکونت پذیر ہیں۔ ان پر کسی طرح کی کوئی پابندی نہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭