Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر نہیں ہوسکا

دبئی:پاکستانی آل راونڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر نہیں ہوسکا ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انہیں انٹرنیشنل میچوں میں بولنگ کرانے سے روک دیا ۔ ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے نمبر ون آل راونڈر پر یہ پابندی پاکستانی ٹیم کےلئے بڑا دھچکا ہے کیونکہ محمدحفیظ بولر کے طور پر بھی ٹیم کے لئے خصوصی اہمیت کے حامل تھے اور ان پر پابندی سے ٹیم ایک اضافی اور موثر بولر سے بھی محروم ہو گئی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق محمد حفیظ نے بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے دوران جو بولنگ کی اس کے دوران ان کی کہنی میںمتعدد مرتبہ 15 ڈگری کی قانونی حد سے زیادہ خم نظر آیا۔ جس کی وجہ سے محمد حفیظ پر ہر طرح کی انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کرانے پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی زیرِ سرپرستی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بولنگ کے اہل ہوں گے جبکہ انٹر نیشنل میچوں میں صرف بیٹسمین کے طور پر کھیل سکیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف 5ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا اورمیچ آفیشلز نے آئی سی سی کو اس حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ انہیں 37 سالہ اسپنر کے ایکشن کے قانونی ہونے کے حوالے سے تحفظات ہیں ۔یہ رپورٹ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو بھی دے دی گئی تھی۔واضح رہے کہ 50 ٹیسٹ، 193 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ کو 2014 سے بولنگ ایکشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پہلی مرتبہ دسمبر 2014 میں انہیں معطل کیا گیا تھا تاہم آزادانہ جائزے کے بعد اپریل 2015 ءمیں ایکشن درست قرار دے کر انہیں بولنگ کی اجازت دے دی گئی تاہم یہ خوشی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہی اور جون 2015 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہوا جس کے بعد جولائی 2015 میں ایکشن دوسری بار غیر قانونی قرار د یئے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کے بولنگ کرنے پر ایک سال کی پابندی لگادی گئی تھی۔گزشتہ سال نومبر میں حفیظ کا برزبن کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں ٹیسٹ لیا گیا جہاں ان کا ایکشن درست قرار پایا تھا اور انہیں بولنگ کی اجازت مل گئی تھی تاہم ایک سال کے اندر ہی ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہو گیا۔

شیئر: