واشنگٹن .... امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے حادثاتی طور پر ایک ٹویٹ کو فاروڈ کردیا جس میں اپنے ہی ملک کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ٹرمپ مخالف ٹویٹر صارف نے اپنے ٹویٹرپیغام میں ہراسانی میں ملوث امریکی وزراءسے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور اس ٹویٹ میں اسکینڈل میں ملوث وزراءکے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ سے بھی صدارت سے استعفٰی دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ حیران کن طور پر پنٹاگون کے سوشل میڈیا نے پڑھے بغیر غلطی سے اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کردیا جو اس اکاﺅنٹ کے 51لاکھ فالوورز تک پہنچ گئی جس سے سوشل میڈیا پر زبردست ہلچل مچ گئی۔صارفین کا ردعمل آتے ہی پینٹاگون نے مذکورہ ٹویٹ کو ڈیلیٹ کردیا تاہم اس دوران صارفین نے ٹویٹ کا اسکرین شارٹ محفوظ کرلیا۔ پنٹاگون کی ترجمان ڈونا وائٹ نے غلطی پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجاز آپریٹر کی جانب سے حادثی طور پر ری ٹویٹ کے متن کی محکمہ دفاع تائید نہیں کرتا۔