صحت بخش غذا کھائیں ، ذیا بیطس کو شکست دیں
ذیابیطس ایک ایسا مرض ہے جسے ادویات سے زیادہ صحت بخش غذا کے ذریعے شکست دی جا سکتی ہے . بس اپنی غذا سے مضر صحت چینی اور کاربوہائیڈریٹس نکال کر صحت بخش غذاوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنا لیں ۔
بادام کا متواتر استعمال جسم میں گلوکوز اور انسولین کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے۔ بادام جسمانی وزن کو معمول پر رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں کیوں کہ اسے کھانے کے بعد پیٹ کو بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے۔
پالک، بروکولی، گوبھی اور سلاد پتے جیسی سبزیوں میں کیلوریز اور کاربوہائیڈریٹ کی مقدار کم ہوتی ہے۔ہ ان سبزیوں کو روزانہ کھانے سے ذیابیطس ہونے کا خطرہ 14 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
مچھلی میں جسم کے لیے اہم فیٹی ایسڈز موجود ہوتے ہیں جو کہ بلڈ شوگر کی سطح کو معمول پر رکھنے کے ساتھ جسمانی سوجن کو کم کرنے اور دل کی بیماریوں کا خطرہ کم کرنے کے لیے بھی اہم ہیں۔ذیابیطس کے مریض کو ہفتے میں دو مرتبہ مچھلی کا استعمال ضرور کرنا چاہیے کیوں کہ یہ گردوں کی بیماری کے خلاف بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔
امریکی ذیابیطس ایسوسی ایشن کے مطابق شکرقندی انسولین کی مزاحمت کو کم کرتی ہے، ساتھ ساتھ بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھتی ہے۔ اس مزیدار چیز میں فائبر زیادہ مقدار میں موجود ہے جو دل کی متعدد بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔
دلیا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہترین ناشتہ ہے۔ یہ معدے میں غذا میں موجود گلوکوز کو جذب کرنے کی رفتار سست کرکے شوگر کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے۔