حیدرآباد : مسلسل ہراسانی سے تنگ آکر بیویوں نے شوہر کو قتل کردیا
حیدرآباد- - - - - شوہر کی جانب سے مسلسل ہراسانی سے تنگ آکر 2بیویوں نے اپنے شوہر کا قتل کردیا۔یہ واردات حیدرآباد کے کوکٹ پلی علاقہ کی اسبسطاس کالونی میں گزشتہ رات دیر گئے پیش آئی جس سے سنسنی پھیل گئی۔مہیندر یادو نامی شخص اسبسطاس کالونی میں اپنی 2بیویوں جیوتی اورپدما کے ساتھ مقیم تھا۔ وہ مزدوری کا کام کرتا تھا۔شام میں وہ حالت نشہ میں گھر واپسی کے بعد اپنی دونوں بیویوں کو ہراساں کرتاتھا ۔روزانہ اس ہراسانی میں اضافہ ہوتاجارہا تھا ۔ گزشتہ رات بھی وہ حالت نشہ میں گھر پہنچا اور اپنی دونوں بیویوں کو ہراساں کرنے لگا تاہم اس کی دونوں بیویوں نے منصوبہ بند طریقہ سے ساڑی کا استعمال کرتے ہوئے اس کا گلا گھونٹ دیا ۔ اس کے باوجود بھی اس کے مرنے کا ان کو یقین نہیں آیا جس کے بعد ان دونوں نے مٹی کا تیل ڈال کر اس کو آگ لگادی ۔اس واقعہ کے ساتھ ہی اس علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔پولیس نے پدما اور جیوتی کو حراست میں لے لیا۔