سعیداجمل کی حفیظ کو ایکشن ٹھیک کرنے کی پیشکش
راولپنڈی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز اسپنرسعید اجمل نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)اور محمد حفیظ نے ان سے رابطہ کیا تو وہ ایک مہینے کے اندر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو درست کردیں گے۔ اپنے انٹرویو میں سعید اجمل کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے 2014 ء میں معطل کئے جانے کے بعد ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد نے بولنگ ایکشن کی درستی کےلئے ان کی مدد کی تھی۔ سعید اجمل نے ایک انٹرویو میں اسی بات کو دہرایا تھا کہ 'ایسا لگتا ہے کہ یہ نظام میرے اور محمد حفیظ کےلئے ہے جبکہ مشکوک بولنگ ایکشن کے حامل دیگر بولرز تاحال کھیل رہے ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کرنے والے سعید اجمل نے فیئرویل بین الاقوامی میچ کے موقع کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کو اس حوالے سے پہلے سوچنا چاہئے تھا۔ انھوں نے کہا کہ میں ان سے(پی سی بی)سے بھیک نہیں مانگوں گا۔