اسلام آباد... ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج ریاست کا ادارہ ہے۔ دھرنے سے متعلق حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل کریں گے۔نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں آصف غفور نے کہا کہ حکومت نے جب بھی فوج کو بلایا ذمہ داری ادا کی۔ صورتحال افہام و تفہیم سے حل ہوجائے تو بہتر ہے تاہم دھرنے کے سلسلے میں حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آسان نہیں۔پورے ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن ہورہے ہیں ۔ یہ آپریشن خفیہ اداروں کی اطلاعات پر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ، قوم کی حمایت کے بغیر کوئی بھی فوج کامیاب نہیں ہوسکتی۔ افغانستان کی حالت سب کے سامنے ہے۔افغانستان کی صورتحال وہاں کی حکومت کے کنٹرول میں نہیں۔ افغانستان کی سرحد کے گرد باڑ لگائی جارہی ہے۔جب تک دوسری طرف سے اقدامات نہیں ہوتے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔