Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

القرضاوی کی عالمی تنظیم دہشتگرد قرار

 ریاض .... سعودی عرب، مصر ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے دہشتگردی کےخلاف جنگ ، دہشتگردی کی فنڈنگ کے سوتے خشک کرنے ، انتہا پسندانہ افکار اور انکی نشرو اشاعت کے ذرائع کے سدباب، دہشتگردی کی بیخ کنی کیلئے مشترکہ جدوجہد اور عرب معاشروں کو دہشتگردی سے محفوظ کرنے و رکھنے کی خواہش اور عہدکے تناظر میں 2تنظیموں اور 11شخصیات کو بلیک لسٹ کردیا۔ چاروں عرب ملکوں نے عالمی اسلامی کونسل “مساع“ اور ”مسلم علماءکے عالمی اتحاد “ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا۔ آخر الذکر کے بانی سربراہ ڈاکٹر یوسف القرضاوی ہیں۔ چاروں عرب ملکوں نے خالد ناظم دیاب، سالم جابر عمر، میسر علی الجبوری، محمد علی سعید اتم،حسن علی سلطان،محمد الحیدر، محمد عبدالحمید،السید محمود عزت عیسیٰ، یحییٰ السید ، ابراہیم موسیٰ، قدری محمد فہمی الشیخ اور علا علی السماحی کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کردیا۔ انسداد دہشتگردی کے علمبردار عرب ممالک نے توجہ دلائی کہ اول الذکر دونوں ادارے دہشتگرد ہیں، یہ اسلام کے نام پر دہشتگردی پھیلا رہے ہیں اور اسلام کو مختلف قسم کی دہشتگردانہ سرگرمیوں کی ترویج کیلئے استعمال کررہے ہیں جبکہ دہشتگردی کی فہرست میں شامل 11شخصیات وہ ہیں جوقطر سے مختلف سطحوں پر امداد لیکر دہشتگردی کررہی ہیں۔ قطر ہی انہیں پاسپورٹ فراہم کررہا ہے اور فلاحی سرگرمیوں کے عنوان سے خود کو متعارف کرانے والے قطری اداروں میں تعینات کئے ہوئے ہے۔ چاروں عرب ممالک نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ نفرت کی ترویج، انتہا پسندی کی حوصلہ افزائی اور دہشتگردی کی فنڈنگ و سرپرستی کے حوالے سے قطر کی سرگرمیوں پر مسلسل نظررکھے ہوئے ہیںاور آئندہ بھی نظر رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قطری حکام نے اب تک دہشتگردی کی سرگرمیاں بند کرنے کیلئے عملی اقدامات نہیں کئے۔ چاروں عرب ملکوں کا کہناہے کہ وہ خطے کے امن و استحکام کی جڑیں راسخ کرنے اور انسداد دہشتگردی کی جملہ مساعی کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ دہشتگرد تنظیموں اور شخصیات کے تعاقب میں ادنیٰ فروگزاشت سے کام نہیں لیں گے او راس سلسلے میں علاقائی و بین الاقوامی سطح پر تمام ممکنہ وسائل کے استحکام کی کوششیں جاری رکھیں گے۔

شیئر: