Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولیعہد محمد بن سلمان حقیقی سعودی تشخص کے ترجمان ہیں، سعودیوں کے تاثرات

ریاض.... امریکہ کے معروف قلمکار اور اعلیٰ ترین 3عالمی ایوارڈ یافتہ مشہور امریکی صحافی تھامس فریڈمین کے ساتھ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تہلکہ خیز انٹرویو نے سعودی عرب میں دھوم مچا دی۔ پوری دنیا میں اس انٹرویو میں مذکور حقائق اور خیالات سے گہری دلچسپی لی گئی۔ مقامی شہریوں نے امریکی صحافی کے اس خیال سے بھرپور اتفاق کیا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نہ صرف یہ کہ سعودی تشخص کو بھرپور شکل میں اجاگر کریں گے بلکہ اعتدال پسند اسلامی شخصیت کو منظر عام پر لانے کا اہتمام کریں گے۔ سعودی عوام کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان حقیقی سعودی تشخص کے ترجمان ہیں۔ ایک 28سالہ سعودی خاتون نے بتایا کہ اس نے امریکہ میں تعلیم حاصل کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان مختلف زبان استعمال کر رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں"ہم انتہا پسندی کو ملیا میٹ کر دیں گے"۔ وہ ہلکی پھلکی زبان نہیں استعمال کرتے۔ اس سے لگتا ہے کہ مملکت میں حقیقی تبدیلی آ کر رہے گی۔ ایک سعودی بینکار نے کہا کہ 1979ءکے بعد ہماری نسل یرغمال بنا لی گئی تھی اب مجھے لگتا ہے کہ میرے بچے یرغمال نہیں ہوں گے۔ ایک سعودی سماجی اصلاح کار خاتون نے کہا کہ 10برس قبل موسیقی کی بات کا مطلب ہوتا تھا کہ ہم اس کی سی ڈی خریدیں گے لیکن اب مملکت میں موسیقی کے پروگرام اور اس کے ٹکٹ کی باتیں ہونے لگی ہیں۔ ایک 30سالہ سعودی خاتون نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم نے گزشتہ دور بھی دیکھا او رآنے والا دور بھی دیکھ سکیں گے۔

شیئر: