Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کی طرف سے مصر کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی

ریاض.... شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی دفتر خارجہ نے شمالی سینا کے شہر عریش کی الروضہ مسجد میں دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کردی۔ شاہ سلمان نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے جمعہ کو ٹیلیفون پر رابطہ قائم کرکے دہشتگرد حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ، مصری صدر اور عوام سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ شاہ سلمان نے دہشتگردی کے اس واقعہ پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کا یہ واقعہ اسلام کی تعلیمات اور انسانی روایات کے سراسر منافی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر یقین دلایا کہ سعودی عرب کے جملہ وسائل مصر کیساتھ ہیں۔ دہشتگرد حملوں کے خلاف جنگ اورانکے سوتے خشک کرنے کیلئے مصر کو جو بھی تعاون درکار ہوگا پیش کیا جائیگا۔ مصری صدر نے اپنے وطن سے متعلق شاہ سلمان کے پاکیزہ جذبات پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل شاہ سلمان نے مصری صدرکے نام تعزیتی پیغام میں شمالی سینا کے واقعہ پر شدید رنج و ملال کا اظہار کیا تھا اور واضح کیاتھا کہ وہ اس مجرمانہ عمل کی سخت سے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور آزمائش کی اس گھڑی میں مصری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ ان کے درد اور تکلیف میں شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں پر اپنا فضل و کرم کرے اور زخمیوں کو شفا کامل و عاجل سے نوازے۔ مصر او راسکے برادر عوام کو ہر آفت اور ہر بلا سے اپنی حفاظت میں رکھے۔ اسی مضمون کا پیغام ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی مصری صدر کے نام ارسال کیا۔ اس سے قبل سعودی دفتر خارجہ نے الروضہ مسجد پر دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی جبکہ جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ او رمصری عوام و حکومت سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے آرزو ظاہر کی تھی کہ اللہ تعالیٰ زخمیو ںکو جلد از جلد شفایاب کرے۔ دفتر خارجہ نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مصر کو بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا تھا۔

شیئر: