حیدرآباد - - - - - باوقار میٹرو ریل کے آغاز کے ذریعہ حیدرآباد ملک کے منتخب شہروںمیں شامل ہونے جارہا ہے تاہم میٹرو ریل کی ایک اور خوبی ا س شہر میں اس کو انفرادیت بخشنے جارہی ہے کیونکہ میٹرو ریل چلانے کیلئے 35خواتین لوکو پائلٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان میں سے بیشتر انجینیئرزہیں جو سائیکو میٹرک،ریسرچ ڈیزائن،اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن ٹسٹ ،ٹیکنیکل راؤنڈز اور میڈیکل ٹیسٹ سے گزرنے کے بعد منتخب قرار دی گئی ہیں۔علاوہ ازیں دیگر شعبوں میں بھی خواتین کا انتخاب کیاگیا ہے۔اسٹیشن کنٹرول ،ڈپارٹمنٹل کنٹرول اور ٹریفک کنٹرول ڈپارٹمنٹس میں ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔حیدرآباد میٹرو ریل، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا ایک بڑا پروجیکٹ ہے ۔اس موقع پر ان لوکو پائلٹس نے ان کے انتخاب پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کو عوام کی خدمت کا ایک اہم موقع مل رہا ہے۔تلنگانہ کی حکومت جو ریاست میں مختلف شعبوں میںخواتین کو آگے بڑھانے اور انکی ترقی کے اقدامات کر رہی ہے، کیلئے یہ بات ایک اہم اعزاز سے کم نہیں ۔تلنگانہ کے وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما رائو نے اپنے ٹوئیٹر پیام میں اس پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کے سب سے بڑے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پروجیکٹ کے پیچھے خواتین اہم ڈرائیونگ فورس ہیں۔حیدرآباد میں میٹرو ریل کا آغاز 3 دنوںمیں ہونے والا ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی اس کا افتتاح کرنے والے ہیں۔ابتدا میں صبح 6 بجے تا10 بجے شب اس کا آغاز ہوگا ۔عوام کے ردعمل کو دیکھتے ہوئے اس کے اوقات میں حکومت اضافہ کرے گی۔