Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوجوان طبقہ مسلم لیگ کی پالیسی سے متفق ہے، راجہ یعقوب

یوتھ ونگ کی تقریب میں سینٹرل باڈی کے ارکان کے علاوہ بڑی تعداد میں ممبران نے شرکت کی
* * * *   ذکاء اللہ محسن۔ ریاض* * * * *

    ریاض ( ذکاء اللہ محسن)پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سینٹرل باڈی کے ارکان کے علاوہ یوتھ ونگ کے ممبران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔اس موقع پر یوتھ ونگ کے صدر راجہ یعقوب کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نوجوان ملک کا معمار بھی ہے اور اس کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتا ہے۔نوجوان طبقہ مسلم لیگ کی پالیسی سے متفق ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ مسلم لیگ نے اپنے تمام ادوار میں نوجوانوں کو روزگار مہیا کیا ہے اور ان کے لئے مختلف ایسے شاندار مواقعے فراہم کیے جن کے ذریعے نوجوانوں نے ملک کے اندر اور دنیا بھر میں اعلیٰ مقام بھی حاصل کیا اور ملک کا نام بھی روشن کیا ہے۔پاکستان اور بیرون ممالک میں بسنے والی یوتھ کا ہر جوان اپنے لیڈر نوازشریف کے ساتھ کھڑا ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے لیڈر کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے۔2018کے الیکشن میں یوتھ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروکار لائیگی اور نوازشریف کا پیغام ہر گلی اور ہر محلے تک پہنچائیگی اور دیگر جماعتوں پر واضح برتری حاصل کرے گی۔
    مسلم لیگ ریاض کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ پانامہ کافیصلہ جب اقامہ پر ہوگا تو پھر سوالات تو جنم لیں گے۔ یہ کیسا فیصلہ ہے جس میں سزا پہلے سنا دی گئی اور ریفرنس بعد میں دائر کیے جا رہے ہیں۔ ہمارے قائد نوازشریف نے ہمیشہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کی بات کی ہے، اس لئے تمام اداروں کو اپنے بساط میں رہ کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔نوازشریف کے وژن کی بدولت آج ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہوا، سی پیک جیسے بڑے منصوبے لگ رہے ہیں، اکانومی بہتری کی طرف جارہی ہے۔
    میڈیا کوآرڈِنیٹر ملک محمود اعوان کا کہنا تھا کہ نوازشریف حقیقت میں ایک نظریے کا نام ہے کیونکہ انہوں نے اپنی طویل سیاست میں ایسے نشیب و فراز دیکھے ہیں جو کسی اور سیاست دان نے نہیں دیکھے ۔نوازشریف کا نظریہ پاکستان کی ترقی ہے، عوام کی خوشحالی ہے اور ملک کو اقوام عالم میں اُس بلند مقام پر لے کرجانے کا نظریہ ہے کہ ہمارا عالمی برادری میں ایک مقام ہو، مگر کچھ نام نہاد سیاست دان جو کبھی ایمپائر کی انگلی پر ناچتے رہے اور کبھی غیر ملکی ایجنڈے پر چل کر پاکستان کو نقصان پہنچانے کے در پہ ہیں، ان کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
     چوہدری خادم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز نے موجودہ دور میں بے پناہ ترقیاتی کام کروائے ، سڑکوں کا جال بچھانے سے ایک عام کسان خوشحال ہوا ،آمد ورفت کے ذرائع میں بہتری آئی ہے، عوامی سہولیات کے منصوبوں کے بننے سے عوامی مشکلات میں کمی واقع ہوئی۔
    تقریب میں ملک عاصم اعوان، خرم عباسی، حشام عباسی، رانا افضل، شعبان عباسی، عبدالحکیم خٹک، سرپرست اعلیٰ مسلم لیگ ن چوہدری عبدالمجید گجر اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور مسلم لیگ کے سربراہ محمدنوازشریف کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
     تقریب میں خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں کے درجنوں افراد نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی جنہیں مقامی قیادت نے خوش
 آمدید کہا اور انہیں مسلم لیگ کا پرچم پہنا کر پارٹی میں شامل کیا۔
 

شیئر: