Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’اقبال کا شاہین‘‘ کویت میں شاندار تقریب

 آج کا نوجوان اقبالؒ کا شاہین ہے کہ اسکے پاس مشام ِتیز بھی ہے، گفتارِ دلبرانہ بھی اور کردارِ قاہرانہ بھی
* * * *  رپورٹ وتصاویر:محمدعرفان شفیق۔ کویت* * * *
    انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیرانصرام شاعر ِمشرق، حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی 140 ویں یوم ولادت کے سلسلے میں ایک پُروقار تقریب بعنوان’’اقبال کا شاہین‘‘ کا انعقادایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا ۔
     تقریب کا آغاز انصاف کشمیر فورم کے آرگنائزر ادیب عباسی کی تلاوت قران حکیم سے ہواجبکہ نعت رسول کی سعادت انصاف ا سپورٹس ونگ کے آرگنائزر اقبال ساحر نے حاصل کی۔ اس خوبصورت بزم کی نظامت کے فرائض کویت میں مقیم نامور شاعر و ادیب،انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے جنرل سیکریٹری سید صداقت علی ترمذی اور آرگنائزر انصاف رائٹرز فورم اور نامور کالم نگار محمد فیصل نے ادا کئے۔
    موضوع کی مناسبت سے انصاف رائٹرز فورم کے ڈپٹی آرگنائزر شوکت حیات گوندل اور انصاف رائٹرز فورم کے آرگنائزر محمد فیصل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں اقبالؒ کے شاہین کی ضرورت اور اصلاح معاشرہ کیلئے نوجوانوں کو اقبال کے شاہین کے اوصاف اپنانے کی ضرورت ہے۔
    سید صداقت علی ترمذی اور ابھرتے ہوئے نوجوان شاعر ذوالفقار ذکی نے شاعر مشرق کو منظوم شکل میں خوبصورت خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے ممبر اور نارتھ ریجن کے صدر میجر ریٹائرڈ خرم حمید خان اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی  رکن و انصاف خواتین ونگ اسلام آباد کی صدر محترمہ سمابیہ طاہر نے ویڈیو لنک سے کویت میں مقیم تحریک انصاف کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں اگر کوئی ا قبال  ؒ کا شاہین کہلانے کا حقدار ہے تو وہ صرف عمران خان ہیں۔
     جنرل سیکریٹری سید صداقت علی ترمذی نے کہا کہ اگر حقیقی معنوں میں اقبالؒ  کا شاہین بننا ہے تو محمد عربی  کا غلام بننا ہو گا۔ بانگ درا کی خوبصورت نظم’’ شکوہ‘‘ کے آخری چند اشعار کی تفسیر کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کے علامہ اقبالؒ  نہ صرف ایک شاعر ہیں بلکہ ایک عظیم مفکر اور محسن ملت بھی ہیں۔
     آرگنائزر انصاف رائٹرزفورم محمد فیصل نے حاضرین محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا نوجوان اقبالؒ کا شاہین ہے کہ اسکے پاس مشام ِتیز بھی ہے، گفتارِ دلبرانہ بھی اور کردارِ قاہرانہ بھی اور وہ لوگ جن کو آہِ سحر بھی نصیب ہو، اور سوزِ جگر بھی، وہ زندگی کے میدان میں کبھی ہارا نہیں کرتے۔
     آخر میں آرگنائزرانصاف پروفیشنل ونگ شیخ مقصود اختر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور علامہ محمد اقبالؒ  کی روح کو ایصال ثواب اور ملک وقوم کی ترقی کی دعاؤں کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوااور مہمانوں کیلئے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا۔

شیئر: