اسلام آباد... اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ دھرنے سے دنیا کو پاکستان سے متعلق منفی پیغام گیا۔ پیپلزپارٹی کو پاکستان کے مثبت امیج اور سالمیت کی فکر ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ن لیگ جن کو اپنا اتحادی سمجھتی تھی وہ سب ان کے مخالف ہوگئے ۔ اتحادی جماعتیں بھی دھرنا آپریشن کی مخالف تھی۔ پیپلزپارٹی ساری صورتحال پر پریشان ہے۔ واضح پیغام دیا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کے ساتھ ہیں ۔ حکومت نے دھرنے کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے سے گریز کیا ۔ ن لیگ ہمیشہ پارلیمنٹ سے دور رہتی ہے مگر پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی قوت کو بڑھایا اور جو بھی فیصلے کیے وہ پارلیمنٹ کے اندر رہ کر کئے ۔ اے پی پی کے مطابق خورشید شاہ نے اس امید کا اظہارکیا کہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق معاملہ کو 11 دسمبر سے قبل سینیٹ میں حل کرلیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ دھرنے سے بین الاقوامی طورپر پاکستان کا تشخص متاثرہواہے۔انہوں نے کہاکہ اگرمسلم لیگ (ن) وفاقی وزیرکے استعفیٰ کا معاملہ پارلیمینٹ میں لاتی توبہترہوتا ۔ پارلیمان اورجمہوریت کومضبوط بنانے کیلئے آئندہ بھی اپناکرداراداکریں گے۔ پاکستان کے مثبت تشخص، سالمیت،استحکام اوریکجہتی کو ہرصورت میں یقینی بنانا چاہئیے۔