ریاض.... ایک سعودی عہدیدار نے انکشا ف کیا ہے کہ بدعنوانی کے مسائل میں زیر حراست ایک شہزادے کو ایک ارب ڈالر سرکاری خزانے میں واپس کرنے کی حامی بھرنے پر رہا کردیا گیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے نے یہ اطلاع دیتے ہوئے توجہ دلائی کہ سرکاری عہدیدار نے سمجھوتے کی حقیقی رقم واضح شکل میں نہیں بتائی تاہم یہ عندیہ ضرور دیا ہے کہ رقم ایک ارب ڈالر سے کہیں زیادہ ہے۔ جس شہزادے کو رہا کیا گیا ہے اس نے بدعنوانی کا اعتراف کرلیا ہے اور معاملہ رفع دفع کرنے کیلئے ایک ارب ڈالر سے زیادہ ادا کرنے کی حامی بھرلی۔ 3اور ملزمان نے بھی معاملہ رفع دفع کرنے کا سمجھوتہ کرلیاہے۔اٹارنی جنرل نے کم از کم 5افراد کی رہائی کا فیصلہ صادر کیا ہے۔ نام نہیں بتائے گئے۔ عاجل کے مطابق سعودی عہدیدار کا کہناہے کہ جس شہزادے کو رہا کیا گیا ہے اس نے بدعنوانی کا اعتراف کرکے سمجھوتے کے تحت ایک ارب ڈالر سے زیادہ سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی منظوری دیدی ہے۔ دوسری جانب باخبر اقتصادی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بدعنوانی کی تحقیقا ت سے متعلق سمجھوتوں کے مثبت اثرات سعودی اسٹاک ایکسچینج پر پڑنے لگے ہیں۔ ایک شہزادے اور 3زیر حراست افراد نے معاملہ رفع دفع کرنے کا سمجھوتہ مکمل کرلیا۔ سعودی حصص مارکیٹ کے نرخ رہائی کی اطلاع کے بعد بڑھ گئے۔ نیویارک ٹائمز نے ا پنی رپورٹ میں کہا ہے کہ انسداد بدعنوانی کا بنیادی ہدف بدعنوانوں کے قبضے سے سیکڑوں ارب ڈالر سرکاری خزانے کو واپس کرانا ہیں جو انہوں نے مختلف اوقات میں لوٹے تھے۔