نئی دہلی۔۔۔۔۔ قومی دارالحکومت کے پرانے علاقے دریا گنج میں رہنے والی ایک بیوہ کو فیس بک پر غیر ملکی جعلساز سے شادی کرنے کا خواب بڑا مہنگا پڑا۔ خود کو برطانوی بتانے والے جعلساز نے خاتون کو بتایا کہ بیوی سے طلاق ہوچکی ہے اور وہ اکیلا اپنی بیٹی کی پرورش کررہا ہے۔ دوسری شادی کرنے کا خواہاں ہے۔ اس طرح اس نے اپنی بیٹی سے بھی بیوہ کی بات کرائی ۔ بیٹی نے اسی دن سے اسے مدر ، مدر کہہ کر بلانا بھی شروع کردیا تھا۔ اس طرح بیوہ خاتون کے دل و دماغ پر قبضہ کرنے کے بعد جعلساز نے پھندا پھینکا اور اسے زیورات اور قیمتی اشیاء تحفہ میں دینے کا جھانسہ دیا۔ پھر کہا کہ یہ سب ایک پارسل کے ذریعے اسے بھیج دیا گیا ہے۔ اسکے بعد بیوہ کو دہلی کسٹم کے نام سے ٹیلیفون آنے لگے۔اسے بتایا گیا کہ اس کا پارسل کسٹم میں پھنس گیا ہے جس کی ڈیوٹی ادا کرنا پڑیگی۔ خاتون 7 سمندر پار سے آئے پارسل کو چھڑانے کیلئے بے تاب ہوگئی ۔ مبینہ کسٹم آفسر کے ذریعے بتائے گئے اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے جمع کراتی گئی لیکن دوسری طرف سے کسی نہ کسی بہانے کلیئرنس نہیں ملنے کا جھانسہ دیا جاتا رہا۔ جعلساز یہاں نہیں رکا بلکہ اس نے کہا کہ وہ خود دہلی پہنچ کر پارسل کلیئر کرائے گا۔ کچھ دن بعد خاتون کو پھر فون آیا جس میں جعلساز نے بتایا کہ اسے دہلی میں کسٹم والوں نے گرفتار کرلیا ہے اور اگر ضمانت نہ کرائی گئی تو گوہاٹی کی جیل میں شفٹ کردیا جائے گا۔ خاتون بری طرح گھبرا گئی ، اپنے ہونے والے شوہر کو بچانے کیلئے پھر سے ٹھگوں کے کھاتے میں ضمانت کیلئے لاکھوں روپے جمع کرا دیئے۔ پولیس کے مطابق ان طریقوں سے دریا گنج کی بیوہ سے جعلسازوں نے کل 23 لاکھ روپے اینٹھ لئے۔ معاملہ پیار اور شادی سے جڑا تھا اسلئے خاتون نے کسی سے صلاح مشورہ بھی نہیں کیا اور معاملے کو خفیہ رکھا۔ دریں اثناء اسکے بیٹے نے اسے ضرور سمجھایا کہ یہ سب فراڈ ہے لیکن خاتون نے فیس بک فرینڈ کا زیادہ یقین کیا۔ جب سب کچھ لٹ گیا تو پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی جس کے نتیجے میں بدھ کی صبح سویرے دریا گنج تھانے میں پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف دھوکہ دہی کا کیس درج کرلیا۔