کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کئے جا رہے ہیں،پاکستان
جمعرات 30 نومبر 2017 3:00
اسلام آباد...ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔جمعرات کو بریفنگ میں ترجمان نے کہاکہ کشمیر میں ہندوستانی جارحیت تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔اب وادی میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی خبریں زیرگردش ہیں اس پر تشویش ہے۔ کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے آزاد انسانی حقوق مشنز کو وادی میں رسائی کی اجازت دی جائے۔ترجمان نے کہا کہ امریکی جنرل نکلسن نے جو بیان دیا وہ نیا نہیں ۔ پہلے بھی ان بیانات کی تردید کرچکے ہیں ۔ امریکی وزیردفاع پاکستان آرہے ہیں ۔ ان کے دورے میں اس موضوع کوبھی ز یربحث لایا جائے گا۔ امر یکہ سے اختلافات دور کرنے اور دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کے تبادلے سمیت مشترکہ مشقوں کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مزید افواج کی تعیناتی پر ہماری اور امر یکہ کی سوچ میں فرق ہے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان اور جنوبی ایشیا کے بارے میں نئی حکمت عملی کے اعلان کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان روابط میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ملک باہمی روابط کو مفید سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی وزیردفاع پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان ہارٹ آف ایشیا کے عمل کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔وزیر خارجہ خواجہ آصف کانفرنس میں شرکت کے لئے جمعہ کو باکو جائیں گے۔