بالوں کا سنہرا رنگ شخصیت پر کیسے اثر انداز ہوتا ہے ؟
بال ڈائی کرنا خواتین کا مقبول فیشن ہے ۔ ماہرین کا دعویٰ ہے کہ بال ڈائی کرنے کے لیے مخصوص رنگ کا انتخاب خواتین کے مزاج کی عکاسی کرتا ہے۔ بالوں کی قدرتی رنگت بھی مزاج پر اثر انداز ہوتی ہے۔ نیشنل اکیڈمی آف سائنس کے زیر اہتمام ہونے والی تحقیق کے مطابق سنہرے بالوں والی خواتین سرخی مائل بالوں والی خواتین کی نسبت زیادہ مسابقت پسند ، جارح اور پختہ عزم والی ہوتی ہیں۔ تحقیقی نتائج کے مطابق ہلکے رنگ کے بالوں والی خواتین جب اپنے راستے بنانے پر آتی ہیں تو جنگجو فطرت پر اتر آتی ہیں۔
تحقیق سے اس بات پر بھی روشنی پڑتی ہے کہ اکثر سرکردہ خواتین کے بال سنہری یا سنہری مائل ہوتے ہیں یہ خواتین زیادہ توجہ حاصل کرنے کی عادی ہوتی ہیں اور اگر وہ خود کوشش نہ بھی کریں تب بھی دوسرے انہیں زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ اس بات سے ان میں جو احساس پیدا ہوتا ہے وہ انہیں کسی معاملے پر اٹک جانے ، بھڑ جانے یا جنگجویانہ طرز عمل اختیار کرنے پر اکساتا ہے ۔ اس سلسلے میں سرکردہ محقق ارون سل کا کہنا ہے کہ تحٰقیق سے قبل ہم نے یہ مفروضہ قائم کیا تھا کہ سنہرے بالوں والی لڑکیاں دوسری لڑکیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ خود پسند ہوں گی اور چونکہ اس مقصد کے لیے ہم نے انتخاب بھی کیلیفورنیا سے کیا تھا، ایسے میں ہمیں اپنے مفروضے کے ثابت ہونے کا پورا یقین تھا ۔ واضح رہے کہ کیلیفورنیا میں سنہرے بالوں والی لڑکیوں کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ جتنے زیادہ کسی لڑکی کے بال سنہری ہوتے ہیں وہ اتنا ہی خود کو خاص محسوس کرتی ہے اور اسی قدر وہ اپنے سماجی مقاصد حاصل کرنے میں جلد بازی دکھاتی ہے۔