واشنگٹن ۔۔۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فِلن نے تسلیم کیا ہے کہ اْنھوں نے روسی سفیر کے ساتھ اپنے رابطوںکے بارے میں وفاقی تفتیش کاروں کے ساتھ جھوٹ بولا تھا۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق عدالت میں پیشی کے بعد جاری ایک بیان میں مائیکل فِلن نے کہاکہ عدالت میں انھوں نے جن معاملات کو تسلیم کیا وہ غلط تھے اوروہ خدا پر اعتقاد کی بنیاد پر معاملات درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔فِلن پر الزام ہے کہ اْنھوں نے روسی سفیر سرگئی کسلیاک کے ساتھ ہونے والی 2نجی ملاقاتوں کے حوالے سے دروغ گوئی سے کام لیا،اس پر اْنھیں 5 برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ان کے اعترافی بیان کے بعد امریکی اسٹاک ماکٹ میں مندی پائی جاتی ہے۔