واشنگٹن۔۔۔ امریکی قیادت میں لڑنیوالے اتحاد نے کہا ہے کہ جس امریکی دستے نے شامی شہر رقہ کا داعش سے قبضہ واگزار کرایا، اُس میں سے 400 سے زائد امریکی میرینز واپس جا رہے ہیں۔ اتحاد کے ایک بیان میں امریکی بریگیڈیئر جنرل جوناتھن براگا نے کہا ہے کہ جہاں بھی ممکن ہوا لڑاکا افواج کی تعداد میں کمی لا رہے ہیں، تاہم اب بھی شامی اور عراقی ساتھیوں کی سیکیورٹی کو بحال رکھنے کے کام میں مدد دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ داعش کو شکست دینے کے لیے ہماری افواج شراکت داروں کی فوجوں سے مل کر کام کریں گی۔پینٹاگون نے کہا ہے کہ سرکاری طور پر شام میں 503 فوجی تعینات ہیںتاہم امریکی اہل کاروں نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ یہ تعداد 2ہزار کے قریب ہے۔