ریاض.... ریاض ایوا ن صنعت و تجارت میں دواﺅں کی کمپنیوں کی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد البھلال نے بتایا ہے کہ سعودی عرب 35 ممالک سے رجوع کرتے ہی دواﺅں کے نرخ مقرر کرے گا ان میں یورپی، علاقائی اور عرب ممالک شامل ہیں۔ انہوں نے الوطن اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی مارکیٹ میں تمام دواﺅں کے نرخ سعودی ایف ڈی اے کی منظوری کے بعد ہی متعین کئے جاتے ہیں جو مملکت میں دواﺅں کے اندراج سے قبل ہر کمپنی سے 35 ممالک میں متعلقہ دوا کے نرخ نامے طلب کرتا ہے۔ البھلال نے توجہ دلائی کہ سعودی ایف ڈی اے 35 ممالک کے یہاں مقرر دواﺅں کے وہ نرخ منظور کرتا ہے جو سب سے کم ہوتے ہیں۔ کمپنی کو اس کیخلاف اعتراض کا حق ہوتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بعض لوگ یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ مملکت میں دواﺅں کے نرخ سب سے زیادہ ہیں، یہ دعویٰ درست نہیں۔ سعودی عرب خلیجی ممالک کے تعاون و اشتراک سے یکساں نرخ مقرر کرنے کے لئے کوشاں ہے۔