Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: اے ٹی ایم میں نقب لگانے والے 3 افراد گرفتار

لوہا کاٹنے کی آری سمیت کئی آلات برآمد، ایک سعودی اور 2 عربوں کیخلاف مقدمہ درج
جدہ ( ا رسلان ہاشمی ) مکہ مکرمہ ریجن کے پولیس ترجمان کرنل ڈاکٹر عاطی القرشی نے کہا ہے کہ بینک کے اے ٹی ایم میں نقب لگانے والے 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزمان اتوار کو صبح فجر کے وقت شہر کے ایک علاقے میں نصب نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین میں نقب لگا کر وہاں سے رقم چرانا چاہتے تھے ۔ پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ گشت پر مامور پولیس اہلکاروں کو نسبتاً سنسان مقام پر چند مشکوک افراد دکھائی دیئے جو وہاں نصب بینک کی اے ٹی ایم مشین کے قریب کھڑے تھے ۔ پولیس اہلکاروں نے ملزمان سے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ وہ اے ٹی ایم توڑ کر وہاں سے رقم چرانا چاہتے تھے ۔ ملزمان جن میں ایک سعودی اور 2 عرب ملک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی ہیں کی گاڑی سے لوہا کاٹنے کی آری کے علاوہ دیگر آلات ملے ۔ پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے انکے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کر نے کے بعد انہیں محکمہ تحقیقات و استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا جہاں ان سے مزید تفتیش کرنے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ 

شیئر: