اسلام آباد ...الیکشن کمیشن نے خواتین کے قومی شناختی کارڈ کے حصول اور ان کے نام بطور ووٹر انتخابی فہرستوں میں شامل کرنے کی مہم کا باضابطہ آغاز کردیا ۔ پیر کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ مہم کے تحت چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں 79 اضلاع میں ایسی خواتین جن کے شناختی کارڈ ابھی تک نہیں بنے ان کے شناختی کارڈز بنوا کر ان کو انتخابی فہرستوں میں شامل کیا جائےگا۔ یہ مہم اپریل 2018ءتک جاری رہے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخابات چاہتا ہے۔ انتخابات میں خواتین کی شرکت میں اضافے کے لئے الیکشن کمیشن اقدامات کر رہا ہے۔ انتخابی فہرستوں میں صنفی امتیاز ختم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ الیکشن کمیشن سمیت انتخابی عملہ میں بھی خواتین کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے ذریعے زیادہ سے زیادہ خواتین کے شناختی کارڈز بنوائے جائیں گے۔ اس موقع پر سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پاکستان میں 9 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں خواتین کی تعداد کم ہے۔ یہ مہم نادرا اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے شروع کی جا رہی ہے۔ خواتین کے شناختی کارڈ بلا معاوضہ بنائے جائیں گے۔