الباحہ الیون نے کبڈی مقابلہ جیت لیا
میچ میں سعودی شہریوں کی غیر معمولی دلچسپی، کھیل کی تعریف
سعودی عرب کے جنوبی صوبے کے تاریخی سرسبز مقام الباحہ میں مدینہ منورہ الیون اور الباحہ الیون کے درمیان کبڈی کا شاندار مقابلہ ہوا جسے الباحہ الیون نے جیت لیا۔ میچ میں سعودی شہریوں کی غیر معمولی دلچسپی ، کھیل کی تعریف ، سعودی اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے میچ دیکھا ۔ اس میچ کے مہمان خصوصی امیر العقیق نواف عمیر الغامدی ، پاکستان قونصلیٹ جدہ کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمد نجیب اللہ خان تھے۔ تقریب تقسیم انعامات سے چیئرمین کبڈی ایسوسی ایشن سعودی عرب ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری آف منڈی بہا الدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے معزز مہمان امیر العقیق نواف عمیر الغامدی ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نجیب اللہ خان اور دیگر علاقوں سے آئے مہمانوں کی آمد پر انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا۔ انہو ںنے کہا کہ پاکستان کا یہ ثقافتی کھیل سعودی عرب میں بے حد مقبول ہو رہا ہے جیسا کہ آپ سب نے یہ دیکھا کہ اس کبڈی میچ میں سعودی شہریوں نے غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا او ربڑی تعداد میں شرکت کی اور مطالبہ کیا کہ اس کھیل کو ہر سال دیکھنے کے لئے اور اس میں مالی تعاون کے لئے تیارہیں۔ انہوں نے مدینہ منورہ الیون کی آمد اور اس مقابلہ کو دلچسپ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میں ان کا انتہائی مشکور ہوں۔ میںاس موقع پر چوہدری تاج محمد نواب آف فیصل آباد کے خصوصی تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ جنہوں نے دن رات محنت کی اور اس میچ کو کامیاب کروایا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لئے دمام ، ریاض، جدہ ، مدینہ منورہ ، ینبع اور دیگر شہروں سے شائقین کبڈی میچ دیکھنے کے لئے تشریف لائے۔ کمیٹی نے ان کی رہائش ، قیام و طعام کا بندوبست کیا ہوا تھا۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کروایا۔ حاضرین نے دل کھول کر ان کھلاڑیوں کو داد دی۔ تقریب سے مہمان خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری اور ان کے دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ میں نے یہ کھیل پہلی بار دیکھا ہے۔ طاقت اور پھرتی کا بھرپور مظاہرہ دیکھا۔ اس دیسی کھیل سے بہت لطف اندوز ہوا ، لوگوں کی اس قدر آمد اور دلچسپی میرے لئے حیران کن ہے۔ جس سے اس کھیل کی پاکستان میں مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ پاکستانی زندہ دل قوم ہیں۔ ان کی ثقافت قابل دید ہے۔ مجھے پاکستانیوں سے دوستی پر فخر ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ میں ہمیشہ آپ کے ساتھ تعاون رکھوں گا۔ آئندہ سال کے مقابلے کے لئے میری خدمات حاضر ہیں۔ ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہوں۔ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نجیب اللہ خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جذبہ حب الوطنی پر فخر ہے۔ آپ نے دیار غیر میں اپنی ثقافت کو روشناس کروایا۔ پاکستانیوں کا محبوب کھیل پیش کر کے بہترین تفریح فراہم کی۔ مہمان خصوصی نے کھیل کی تعریف کی۔ پاکستانیوں کی بھی تعریف کی جس پر دلی خوشی ہوئی۔ پاکستان کو سعودی عرب کی دوستی پر فخر ہے ہرمشکل گھڑی میں سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کی ہے۔ تقریب میں کھلاڑیوں کو نقد انعامات اور تحائف دئیے گئے۔ مدینہ الیون کے کھلاڑیوں نے بہترین انتظامات پر کمیٹی کے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔
وڈیو دیکھنے کے لئے کلک کریں