Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر پریمیئر لیگ : سرینگر اسٹرائیکرزنے آرآرجے کو فائنل میں ہرادیا

 
تقریب تقسیم انعامات میں صدیق اسلام،راحت چوہدری کی شرکت،سمیع اللہ نجار مین آف دی میچ ،شبیر احمد پرفارمر آف دی میچ رہے 
ریاض: سرینگر ا سٹرائیکر نے الجبیل راولاکوٹ رینجرز( آر آر جے) کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ راولاکوٹ رینجرز کے لئے فائدہ مند ثابت نہ ہوا۔اننگز کے تیسرے ہی اوور میں جب آر آر جے کا اسکور19 رنز تھا تو سرینگر اسٹرائیکر کے بولر شبیر علی نے تیسری اور چوتھی گیندپر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نجم الثاقب 8 جبکہ عامر پرویز 6 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔کپتان عامر پرویز سمیت 2کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے کی وجہ سے آر آر جے کی ٹیم ایسی لڑکھڑائی کہ سنبھل نہ سکی۔ سہیل لطیف اور ارسلان مشتاق نے34 رنز کی شراکت سے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن زیادہ دیر وہ بھی مزاحمت نہ کر سکے اور سہیل احمد 15 گیندوں پر 25 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ ارسلان نے محتاط کھیلتے ہوئے 33 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔ سہیل کو مشتاق نے کلین بولڈ کردیا۔ارسلان اور فرحان کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت 40 رنز پر ہوئی جس نے ٹیم کو اچھا اسکور کرنے کی کچھ امید دلائی تاہم 13ویں اوور میں فرحان 15 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے جس کے بعد کوئی بھی بیٹسمین مستقل مزاجی سے کریز پر نہ ٹھہر سکا۔14ویں اوور کے بعد آر آر جے کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور 40 رنز کے اضافے پر 5 کھلاڑی آوٹ ہوگئے ۔شبیر علی نے 4، بلال وانی نے 3،مشتاق احمد نے 2 جبکہ سمیر راٹھور نے ایک وکٹ حاصل کی۔ راولاکوٹ رینجرز 140 رنز پرآل آوٹ ہوگئی ۔ سرینگرا سٹرائیکرز کو 141 رنز کا آسان ہدف ملا۔سرینگر اسٹرائیکر کے اوپنرز سمیع اللہ اور بلال وانی کو کھل کر کھیلنے کا موقع ملا جس سے انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔دونوں نے راولاکوٹ رینجرز کے بولرز کی خوب درگت بنائی اور گراونڈ کے چاروں طرف بہترین شاٹس کھیلے جس میں زیادہ تر باونڈری کے باہر جا گرے۔ سمیع اللہ نے 35 گیندوں پر 8چھکے اور 2چوکے لگا کر 64 رنز بنائے جبکہ بلال وانی نے 10چھکے اور 2چوکے لگا کر 26گیندوں پر 77 رنز بنائے۔سمیع اللہ نجار کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا۔اس موقع پر سمیع اللہ نجار نے کہا کہ یہ ایک خواب تھا کہ سعودی عرب میں کشمیریوں کی لیگ ہو جو پورا ہوا اور اتنا زبردست اختتام ہوا۔ ہمیں کرکٹ کی دنیا سے بالخصوص کشمیر سے بہترین سپورٹ ملی۔ شبیر احمد کو 4 وکٹیں لینے پر پرفارمر آف دی میچ کے اعزازدیا گیا۔میچ کی آخرمیں تقریب انعامات کو فیس بک پر لائیو دکھایا گیا جس نے دنیا بھر سے ویووز کو اپنی طرف متوجہ کیا جن میں زیادہ تعداد کشمیرکے شہریوں کی تھی۔تقریب میں معزز شخصیات کی شمولیت نے تقریب کی رونق بڑھا دی۔ تقریب میں صدیق اسلام،راحت چوہدری، آفاق مسعودی ، اعجاز بخشی ، بری گریسن ، پرویز احمد اور عبدالماجد بھٹ شامل تھے۔
 
 

شیئر: