غزہ - - - - - فلسطینی وزیر اعظم رامی الحمد للہ نے واضح کیا ہے کہ فلسطینی اتحاد و اتفاق ہی نازک گھڑی میں تحفظ کی ضمانت ہے۔ انہوں نے جمعرات کو غزہ پٹی پہنچنے پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا اعلان امن عمل کے احیاء کے لئے صرف کی جانے والے مساعی کو سبوتاژ کرنے، کشمکش کی آگ بھڑکانے اور امن عمل کے سرپرست کی حیثیت سے امریکی کردار ختم کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ فلسطینی وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اہم تاریخی موڑ ہے ۔ اس کا تقاضہ ہے کہ تمام فلسطینی ہمدمی و ہم سازی کا مظاہرہ کریں۔ فلسطینی گروپوں کا سمجھوتہ سرکاری کارکردگی کیلئے سنگ بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسی کو بنیاد بنا کر جدوجہد ہو گی۔ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ اسے غزہ پٹی کے خلاف ظالمانہ محاصرہ ختم کرانے کیلئے اپناکردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مصالحت کے عمل کو مزید پختہ کریں گے۔ آنے والی رکاوٹوں پر قابو پائیں گے۔ اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کیلئے یقین محکم اور عمل پیہم سے کام لیں گے۔