رونالڈو نے چیمپیئنز لیگ میں نئی تاریخ رقم کردی
میڈرڈ؛ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کے پرتگالی فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو نے چیمپیئنز لیگ کے میچ میں گول کرتے ہوئے نہ صر ف جرمن کلب بورشیا ڈورٹمنڈ کے خلاف اپنی ٹیم کی فتح میں حصہ ڈالا بلکہ لیگ میں نئی تاریخ رقم کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔ رونالڈو چیمپیئنز لیگ کے گروپ راونڈ کے ہر میچ میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے اور انہوں نے6میچوں کے دوران رئیل میڈرڈ کے لئے9گول اسکور کئے۔گزشتہ روز کھیلے جانے والے گروپ ایچ کے میچ میں رئیل میڈرڈ نے بو رشیا ڈورٹمنڈ کو 2کے مقابلے میں3 گول سے شکست دے دی۔ رونالڈو اس سیزن میں زیادہ کامیاب نہیں رہے اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹ لا لیگا میں صرف2گول کر پائے جس پر ناقدین نے ان کا کیریئر ختم ہو نے کی باتیں شروع کر دی تھیں لیکن عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے چیمپیئنز لیگ میں کسر پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور اپنی ٹیم کو جو دفاعی چیمپیئن بھی ہے ناک آوٹ راونڈ تک پہنچانے میں کامیاب ہو ئے۔ رئیل میڈرڈ کی جانب سے اس میچ میں پہلا گول رونالڈو کے پاس پربورجا مایورال نے8ویں منٹ میں کرکے برتری حاصل کی جسے کرسٹیانو رونالڈو نے4منٹ بعد دوسرا گول کرکے دگنا کردیا۔اس گول کے ذریعے رونالڈو نے نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا اب وہ لیگ کی تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جس نے گروپ مرحلے کے تمام6میچوں میں گول کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔اس کے ساتھ ساتھ وہ چھٹی مرتبہ گروپ مرحلے کے ٹاپ اسکورر بھی بن گئے۔
پہلے ہاف کے اختتام سے پہلے جرمن کلب کے کھلاڑی آوبامیانگ نے گول کرکے خسارہ کم کیا اور دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں میں ایک اور گول کرتے ہوئے میچ برابر کردیا۔ اس کے بعد81ویں منٹ تک کوئی ٹیم مزید گول نہ کر سکی تاہم ایک مرتبہ پھر رونالڈو نے شاندار ہیڈ رکے ذریعے گیند ساتھی کھلاڑی لوکاس تک پہنچائی جسے اس نے گول میں بدلنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔اس فتح سے رئیل میڈرڈ نے گروپ میں اپنی دوسری پوزیشن مستحکم کرلی جبکہ بورشیا ڈورٹمنڈ لیگ سے آوٹ اور یوروپا لیگ کیلئے کوالیفائی کر گئی۔