ہند ایشیا کپ کی میزبانی سے محروم ہو سکتا ہے
نئی دہلی:ہندوستانی کرکٹ بورڈ پاکستانی ٹیم کی میزبانی سے انکار کے نتیجے میں انڈر 19 ایشیا کپ کی میزبانی سے محروم ہو کر اب ایشیا کرکٹ کپ سے بھی ہاتھ دھوتا نظرآرہا ہے۔یہ ٹورنامنٹ آئندہ سال ستمبر میں ہو نے والا ہے اور اس بات کا واضح امکان ہے پاکستانی ٹیم کو مدعو نہ کرکے بی سی سی آئی اس کی میزبانی سے بھی محروم ہو جائے گا ایسی ہی صورتحال انڈر19ایشیا کپ کے موقع پر بھی پیدا ہوئی تھی جس کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے احتجاج کے بعد اس کی میزبانی ہند کے بجائے ملائیشیا کو سونپ دی گئی تھی۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے حال ہی میں ہو نے والے اجلاس کی تفصیلات کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس ٹورنامنٹ کےلئے پاکستانی ٹیم کو مدعو کیا جائے گا یا نہیں اور ہندوستانی بورڈ کے کسی اقدام کی صورت میں حکومت اس کی اجازت دینے پر تیار ہو گی یا نہیں۔اگر پاکستانی ٹیم کو ہند آنے کی اجازت نہیں دی جاتی تو بورڈ ایشین کرکٹ کونسل کو صورتحال سے آگاہ کرنے کا پابند ہوگا جس کے بعد متبادل میزبان ملک کا انتخاب کیا جائے گا۔بورڈ کے ایک عہدیدار کاکہنا تھا کہ جب ہمیں پاکستان کی جونیئر ٹیم کو بلانے کی اجازت نہیں ملی تو اس کی سینیئر ٹیم کو بلانے کی اجازت ملنے کا بھی کوئی امکان نہیں۔ایشین ایتھلیٹک چیمپیئن شپ میں شرکت کےلئے پاکستانی ایتھلیٹس کو ویزے دے دیئے گئے تھے لیکن کرکٹ کا معاملہ بالکل مختلف ہوتا ہے اور سیاسی کشیدگی واضح طور پر اثر انداز نظرآتی ہے۔انہوں نے کہا اس معاملے کو جلد منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا تاکہ اگر میزبانی واپس لی جاتی ہے تو دوسرے ملک کے پاس انتظامات کے لئے مناسب وقت ہو۔