انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سے پاکستان میں اسکواش کو فروغ ملے گا
اسلام آباد:سابق عالمی چیمپیئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ا سکواش ٹورنامنٹ سے ملک میں اسکواش کو فروغ حاصل ہوگا ۔ پاکستانی عوام غیرملکی کھلاڑیوں سے محبت کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ا سکواش ٹورنامنٹ 17 دسمبر سے مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا، جس میں مختلف ممالک کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔غیرملکی مردکھلاڑی کا تعلق مصر، ہانگ کانگ، ملائیشیا ، ویلز، امریکہ ، ا سپین، فرانس، پرتگال، آئرلینڈ اور برطانیہ جبکہ غیرملکی خواتین کھلاڑیوں کا تعلق ہانگ کانگ، مصر، آسٹریلیا، ملائیشیا ، فرانس، ہند،سوئٹزرلینڈ اور ایران سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنا ہوم کورٹ ہونے سے فائد ہ اٹھانا چاہئے اور بھر پور ایونٹ کے لئے تیاری کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی کوششوں سے انٹر نیشنل اسکواش پاکستان میں واپس آ رہی ہے ۔پوری دنیا کے کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں۔ جان شیر خان نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلے بحال ہو چکے ہیں ۔ خواتین ٹورنامنٹ کی 25 ہزار ڈالر جبکہ مردوں کی ٹورنامنٹ کی 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔