دوسرا ون ڈے:سری لنکا کو سبق سکھا دیا
جمعرات 14 دسمبر 2017 3:00
چندی گڑھ: روہت شرما کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری کی بدولت ہند نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں با آسانی 141 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔پہلے ون ڈے کی شکست کا بدلہ لے کر سبق سکھا دیا۔ چندی گڑھ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سری لنکن کپتان تھسارا پریرا نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ مہنگا ثابت ہوا۔روہت شرما اور شیکھر دھون نے ٹیم کو 115 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا۔ دھاون 68 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو اس کے بعد شریاس آئیر نے کپتان کا عمدگی سے ساتھ دیا اور دونوں نے 213 قیمتی رنز بناکر ٹیم کا اسکور 328 تک پہنچا دیا۔ آئیر 88 رنز بنانے کے بعد پریرا کی گیند کا نشانہ بنے جبکہ دھونی 7 اور پانڈیا 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔دوسرے اینڈ پر موجود روہت شرما بولرز کے سامنے ڈٹے رہے اور 153 گیندوں پر 12 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 208 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ ہند نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 392 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنا دیا۔سری لنکا کے کپتان تھسارا پریرا نے 3 وکٹیں لیں۔ سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 251 رنز ہی بنا سکی۔اینجلو میتھیوز نے مقابلہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی تاہم ان کی 111 رنز کی اننگز شکست سے نہ بچا سکی۔دیگر بلے بازوں میں اسیلا گونارتنے 34، نروشن ڈکویلا 22، لہیرو تھریمانے 21، دھنشکا گناتھیلاکا 16، اکیلا دھننجیا 11، تھارنگا سات، کپتان پریرا 5 اور پتھیرانا دو رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ یزویندر چاہل نے 3 ، جسپریت بمرا نے2 وکٹیں لیں۔