ٹی 10لیگ: افتتاحی میچ کیرلا کنگز نے جیت لیا
شارجہ: ٹی 10لیگ کے افتتاحی میچ میں کیرلا کنگز نے 8وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔کیرلا کنگزنے ٹاس جیت کر بنگال ٹائیگرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔بنگال ٹائیگرز نے مقررہ 10اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 86رنز بنائے۔بنگال ٹائیگرز کے اوپنر ویسٹ انڈین بیٹسمین جانسن چارلس کو وہاب ریاض نے میچ کے آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر آوٹ کیا جبکہ اس وقت مجموعی اسکور صرف 56رنز تھا۔جانسن 27گیندوں پر 4چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33رنز بنا سکے۔ویسٹ انڈین اینڈر فلیچر نے24گیندیں کھیل کر 32ناٹ آوٹ رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر نے 9گیندوں پر 17رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔سہیل تنویر نے اپنے محدود 2اوور ز میں21رنز دئیے جبکہ کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ بنگال ٹائیگرز کی اننگز میں 9چوکے اور 3چھکے لگ سکے اور کیرلا کنگز کو 87رنز کا ہدف دیا۔ویسٹ انڈین چیڈوک والٹن افتتاحی بلے باز کے طور پر صفر پر آوٹ ہوگئے۔ انہیں پاکستانی بولر عامر یامین کی گیند پر بنگال ٹائیگرز کے کپتان سرفراز احمد نے کیچ آوٹ کیا۔ 27سالہ عامر یامین کا تعلق ملتان سے ہے او رپاکستان کی جانب سے 3ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔دوسرے آوٹ ہونے والے بلے باز کیرلا کنگز کے کپتان ایون مورگن تھے جن کا تعلق انگلینڈ سے ہے انہوں نے 2چوکوں کی مدد سے 11رنز بنائے۔آئر لینڈ کے بیٹسمین پاول اسٹرلنگ نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 27گیندوں پر 66رنز اسکور کئے اور آوٹ نہیں ہوئے ان کی اننگز میں 10چوکے اور 3چھکے شامل تھے اور شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ رہے۔ویسٹ انڈین کیورن پولارڈ نے 11رنز ناٹ بناتے ہوئے بیٹنگ میں ان کا ساتھ دیا ۔کیرلا کنگز نے 8اوورز میں 90رنز بنا کر افتتاحی میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔