مکہ مکرمہ۔۔۔۔مکہ مکرمہ کے جنوبی علاقے میں 200میٹر طویل اور 8میٹر چوڑے پلاٹ پر نظر آنے والی عجیب و غریب شکل کی 16منزلہ عمارت نے سوشل میڈیا پر سوالات کا طوفان کھڑا کردیا۔ صارفین سوشل میڈیا پر مذکورہ عمارت کا منظر دیکھ کر حیرت میں پڑگئے۔ ہر ایک کی زبان پر یہی سوال تھا کہ یہ عمارت کہا ں ہے اور اچانک کیسے اس شکل و صورت میں ہمارے سامنے آگئی ہے۔باخبر ذرائع نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ سرکلر روڈ 3کیلئے ضبط کئے جانیوالے پلاٹس اور عمارتوں کے انہدامی پروگرام کے باعث یہ عمارت اچانک اس شکل میں سامنے آئی ہے۔ اسکے اطراف واقع عمارتیں صاف کردی گئی ہیں۔ابھی تک اس عمارت کا مسئلہ تعمیراتی ضوابط کے باعث زیر غور چل رہا ہے۔ عمارت سرکلرروڈ 3کے بالمقابل واقع ہے ۔ روڈ ہنوز زیر تکمیل ہے۔