جدہ - - - - - - کوسٹ گارڈز نے سمندر میں پھنس جانے والے 2افراد کو بحفاظت نکال لیا ۔ سیاحوں کی کشتی کھلے سمند ر میں خراب ہو گئی تھی ۔ سبق نیوز کے مطابق سمندرکی سیر کوجانے والے افراد کی کشتی جب وقت مقررہ پر ساحل پر نہیں پہنچی تو اہلکاروں نے اس کی اطلاع فوری طورپر کوسٹ گارڈ کو فراہم کردی جہاں سے ہنگامی امدادی یونٹ فوری طورپر گمشدہ کشتی کی تلاش میں نکلے ۔ کوسٹ گارڈز کے ترجمان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے مزید کہا کہ کنٹرول روم میں اطلاع موصول ہوتے ہی امدادی یونٹس نے گمشدہ کشتی کی تلاش شروع کردی جو کھلے سمندرمیں امدادی اہلکاروں کو دکھائی دے گئی ۔ تیز ہوائوں کی وجہ سے کشتی جس کا انجن خراب ہو گیا تھا سواروں کے قابوسے باہر ہو کر کھلے سمندر میں چلی گئی ۔ اہلکاروں نے فوری طور پر کشتی میں سوار افرادکو اپنی بوٹ میں سوار کرایا اور انہیں ساحل پر پہنچادیا ۔ مذکورہ افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں رخصت کر دیا گیا ۔ کوسٹ گارڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان دنوں ہواء غیر معمولی تیز ہوتی ہے اس لئے سمندر کی سیر کے لئے جانے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔