ریاض (جاوید اقبال) پاکستان پیپلز پارٹی کا قیام پاکستانی سیاست میں ایک سنگ میل تھا اور ذوالفقار علی بھٹو کے زیر نگرانی اس نومولود جماعت نے بڑے بڑے سیاسی برج الٹ کر وطن کو نئی شاہراہ پر ڈال دیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے زیر اہتمام جماعت کے 50ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں مہمان خصوصی سردار محمد رزاق خان صدر پی پی پی آزاد کشمیر ریاض ریجن نے اپنے خطاب میں کیا۔ صدارت کے فرائض جنرل سیکرٹری پی پی پی ریاض محمد خالد رانا نے انجام دیے جبکہ اعزازی مہمان خصوصی پارٹی کے سینیئر کارکن ظہیر مقبول تھے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سردار رزاق خان واضح کیا کہ پی پی پی کے قیام نے نہ صرف ملک میں چھائے سیاسی جمود کو توڑا تھا ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو جوہری توانائی کے رستے پر ڈالنا ذوالفقار علی بھٹو کا ہی کارنامہ تھا ۔یونس ابو غالب نے اپنے خطاب میں بھٹو کو ایک عالمی رہنما قرار دیا اور واضح کیا کہ ان کا نقصان سارے عالم اسلام کا المیہ تھا ۔ظہیر مقبول نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو جیسے راہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ۔رانا عدیل نے بھٹو خاندان کی پاکستان اور عوام کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور واضح کیا کہ اب بلاول بھٹو وہی مشعل لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ احسن عباسی نے اپنے جذباتی خطاب میں پی پی پی کے قیام کو عوام کے لیے ذوالفقار علی بھٹو کی طرف سے ایک نوید سحر قرار دیا ۔تاہم انہوں نے اس بات پر اظہار الم کیا کہ بدقسمتی سے اندھیروں کا وجود طوالت اختیار کرگیا۔ صداقت حسین نے کہا کہ اب پاکستان کا روشن مستقبل پی پی پی سے ہی وابستہ ہے ۔محمد خالد رانا نے صدارتی خطاب میں پی پی پی کے تاریخی سفر پر روشنی ڈالی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ جدوجہد کا ازسرنو آغاز ہوچکا ہے و۔سیم ساجد نے بطریق احسن نظامت کے فرائض ادا کئے تقریب کے اختتام پر موقع کی مناسبت سے ایک کیک بھی کاٹا گیا۔