Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گجرات میں بی جے پی کا گھمنڈ توڑ دیا،ہاردک

    احمد آباد- - - - پٹیل برادری  کیلئے ریزرویشن کی تحریک چلانیوالے  لیڈر  ہاردک پٹیل  نے  کہا ہے کہ گجرات الیکشن میں  بی جے پی کا گھمنڈ تو ڑ دیا گیاہے اور اب  راجستھان اور مدھیہ پردیش کی باری ہے جہاں وہ بی جے پی کیخلاف  مہم چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔  انہوں نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ  2019 ء کے پارلیمانی انتخاب تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے بلکہ جب تک  مودی کو اقتدار سے ہٹا نہیں دیں گے  وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔  اخباری نمائندوں  کے سوال کا جواب دیتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ وہ  گجرات  کے انتخابی نتائج سے مطمئن ہیں کیونکہ کانگریس   پچھلے 25 سال سے  ریاست میں کمزور  اپوزیشن کا کردار ادا کررہی تھی مگر  انکی سخت جدوجہد کی وجہ سے  آج اسے مضبوطی مل گئی ہے۔ یہ  میرے لئے فخر کی بات ہے کہ جس پارٹی نے گجرات میں 150  سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کیا تھا میں اس کا گھمنڈ توڑنے میں کامیاب ہوگیا ہوں۔  ہاردک پٹیل نے ای وی ایم سے  چھیڑ خانی  سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ  الیکشن کمیشن اپنی معتبریت کھو چکا ہے ۔ ای وی ایم سے چھیڑ خانی کا معاملہ الیکشن کمیشن کے بجائے ہائی کورٹ لے جایاجائے گا۔  انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن  سے شکایت کرنا  وقت گنوانا ہے، اس وجہ سے ہی  میں نے  تمام سیاسی جماعتوں سے اسکے خلاف ایک ساتھ  آنے کی اپیل کی ہے  اور ان سے کہا ہے کہ  2019 ء کے پارلیمانی انتخابات میں  ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر  کے استعمال کا مطالبہ کیا جانا چاہیئے۔  انہوں نے کہا  کہ او بی سی کے حقوق کی تحریک چلانے والے الپیش  ٹھاکر اور دلت لیڈر جگنیش میوانی  اب  رکن اسمبلی بن چکے ہیں  اور ان سے وہ  مسلسل رابطے قائم کئے ہوئے ہیں۔ کوٹہ، بیروزگاری، کسانوں کیلئے کم سے کم سہارا قیمت  اور دوسرے  معاملات پر  ایک ساتھ  لڑیں گے۔ کسانوں، بیروزگاروں، نوجوانوں کی بدحالی دور کرنے کیلئے قومی سطح پر  تحریک چلانے کا پروگرام طے کرلیاگیاہے۔ راہول گاندھی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے نومنتخب صدر  نے ایک  ایسا روپ  اختیار کرلیا ہے جو انتہائی سنجیدہ ہے  جس پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔ راہول گاندھی جھوٹ نہیں بولتے جس کا انہیں آنے والے وقت میں  فائدہ ہوگا۔

شیئر: