پلکیں مردو خواتین دونوں کے لیے خوبصورتی کا اثاثہ ہیں خاص طور پر خواتین ہمیشہ اپنی پلکیں خوبصورت بنانے میں دلچسبی رکھتی ہیں . پلکوں کو تھوڑی سی کیئر کے ذریعے بہتر بنایا جا سکتا ہے .
پلکوں کو خوبصورت بنانے کے لیے اچھی غذا سب سے اہم ہے بالکل ایسے ہی جیسے بالوں کی نشونما کےے لیے اچھی خوراک ضروری ہے لہذا ایسی غذائیں جن میں پروٹین اور آئرن وافر مقدار میں موجود ہوں سر اور پلکوں کے بالوں کی خوبصورتی اور اچھی نشونما کے لیے ضروری ہیں . کوئی بھی سیرم پلکوں کو وہ خوبصورتی اور چمک نہیں دے سکتا جو اچھی غذا کے ذریعے حاصل ہوتی ہے .
دوسری اہم بات یہ کہ پلکوں پر ہر وقت میک اپ لگا کر نہ رکھیں . کسی بھی تقریب یا روز مرہ کے کام کے بعد گھر پہنچتے ہی سب سے پہلے آنکھوں کا میک اپ اور مسکارہ صاف کریں . میک اپ صاف کرنے کے لیے صابن کے بجائے کسی اچھے لوشن کا استعمال کریں .
اچھا سیرم جس میں وٹامن اے اور وٹامن ای شامل ہوں پلکوں کی حفاظت میں مدد دے سکتا ہے . یہ وٹامن پلکوں کو بنیادی غذائیت فراہم کرتے ہیں . سیرم پلکوں کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ یہ مسکارے کے استعمال سے پلکوں کو پہنچنے والے نقصان سے محفوظ رکھتا ہے . یہ پلکوں کی شیپ اور آؤٹ لائن کو بھی بہتر بناتا ہے .
زیتون کے تیل کا استعمال بھی پلکوں کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے . آپ اسے کچن میں کھانا بناتے وقت پلکوں پر لگا سکتی ہیں . چولہے سے نکلنے والی حرارت کی وجہ سے یہ آہستہ آہستہ پلکوں میں جذب ہو جاتا ہے اور پلکوں کی خوبصورتی کے لیے بنیادی اجزاء فراہم کرتا ہے .