جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں جبکہ حالات بھی مناسب اور سازگار ہیں ۔ پاکستان قونصلیٹ کے زیرانتظام مقامی ریسٹورنٹ میں سعودی تاجروں و صنعت کار وں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی تاجروں نے مزید کہا انکا دورہ پاکستان بے انتہاء مفید رہا ۔ پاکستان کے حالات ایسے نہیں جنہیں عالمی طور پر پیش کیا جارہا ہے ۔ بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے حکومت کی جانب سے کافی مراعات فراہم کی جارہی ہیں ۔ عبداللہ الظاہرائی کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی نعمتوں سے مالا مال ہے ۔ جنوبی پنجاب میں کان کنی اور بنیادی تعمیراتی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے کافی مواقع موجود ہیں ۔میرا ارادہ ہے کہ مقامی کمپنیوں کے اشتراک سے جنوبی پنجاب کے مذکورہ شعبوں میں سرمایہ کاری کروں ۔ حسن ال کاملی کا کہنا تھا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے مثالی ملک ہے ۔ دورہ پاکستان کا میرا تجربہ بے حد خوشگوار رہا جس سے تمام غلط فہمیاں دور ہوئیں ۔ میری کوشش ہے کہ سیاحت کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کروں۔ عبدالجبار کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے موقع پر پن بجلی منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیاری کررہا ہوں ۔وفد میں شامل طلال آل سعیری نے بھی کان کنی اور بنیادی تعمیراتی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرنے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر حماد ندوی نے بتایا کہ انکی کمپنی پاکستان میں تعلیمی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہے ۔ اس موقع پر پاکستان قونصلیٹ کے کمرشل قونصلر شہزاد احمد نے سعودی عرب کے وژن 2030 جبکہ پاکستان کے مستقبل کے ہدف 2025 کے حوالے سے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دونوں برادر ممالک باہمی تجارت کو بڑھانے کا ہدف رکھتے ہیں ۔ سی پیک بھی ان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کرے گا ۔آئندہ برس کے آغاز میں حکومت پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاری فورم منعقد کیا جائے گا ۔واضح رہے سعودی تاجروں کے وفد نے ایکسپوپاکستان 2017 میں شرکت کی اس موقع پر انہو ںنے متعدد سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں سے خصوصی ملاقاتیں کیں اور وہاں سرمایہ کاری کے حوالے سے منعقدہ سیمینارز میں بھی شرکت کی ۔