ریاض - - - - سعودی مشترکہ فیلڈ ٹیموں نے 26صفر 1439ھ سے لیکر 3ربیع الثانی 1439ھ تک اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی اور سرحدی امن ضوابط پامال کرنے والوں کے خلاف مملکت بھر میں آپریشن کر کے 253086غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا۔ ان میں 136997اقامہ قوانین، 32938سرحدی امن قانون اور 83151محنت قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جبکہ 3156درانداز پکڑے گئے۔ ان میں 72فیصد یمنی ، 26فیصد ایتھوپین اور 2فیصد غیر ممالک کے تھے۔ ان میں سے 3254کو بیدخل کر دیا گیا۔ ایسے 52افراد بھی پکڑے گئے جو سعودی سرحدیں پار کر کے پڑوسی ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ 533ایسے افراد گرفتار کئے گئے جو غیر قانونی تارکین کو پناہ فراہم کرنے او رسفر کی سہولت مہیا کرنے میں ملوث پائے گئے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 91ایسے شہری گرفتار کئے گئے جو غیر قانونی تارکین کو سفر یا رہائش فراہم کرنے کے جرم میں ملوث تھے۔ فی الوقت 14201غیر قانونی تارکین کے اوپر مقامی قوانین لاگو کئے جا رہے ہیں۔ ان میں 12053مرد اور 2148خواتین ہیں۔ 36942کو فوری سزائیں دی گئیں۔