Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خوش بیان ٹوسٹ ماسٹر زکلب کی تقریب حلف برداری

 کلب 9سے 18 سال کے بچوں کے لیے لیڈرشپ پروگرام شروع کر ے گا
* * *محمد عرفان شفیق۔ کویت* * *
پاکستانی کمیونٹی کے واحد ٹوسٹ ماسٹرز کلب خوش بیان کی تقریب حلف برداری 16 دسمبر 2017 کو مقامی کیفے میں منعقد کی گئی۔’’ خوش بیان‘‘ پاکستانی کمیونٹی کا ایسا پلیٹ فارم ہے جو کمیونٹی کی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد گار ثابت ہو تا ہے۔ خوش بیان کا اجراء یکم اکتوبر 2017 کو عمل میں آیا تھا۔ کلب کے ایگزیکٹو ممبران میں محترمہ ثمینہ مجتبیٰ (صدر)، کنیز فاطمہ ( نائب صدر ایجوکیشن)، فیصل جمیل (نائب صدر پبلک ریلیشن)، عبدالوحید (نائب صدر ممبرشپ)، سعدیہ لطیف (سیکریٹری)، عظمیٰ ذیشان (سارجنٹ ایٹ آرمز) اور نادیہ سلیم (فنانس) شامل ہیں۔
    انٹرنیشل ٹوسٹ ماسٹرز ادارے کی جانب سے رسمی اجراء کے موقع پر خوش بیان نے کلب ممبران اور مہمانوں کو مدعو کیا تھا جس میں ایریا 37 کے ڈائریکٹرز، ڈویژن 1 اور ڈسٹرکٹ 20 کے ڈائریکٹرز نے خصوصی شرکت کی۔ مہمانان گرامی میں کلب کے مینٹورز اور دیگر ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے صدور شامل تھے۔
    ڈسٹرکٹ 20 کے ڈائریکٹر محمد مخلوف اور ڈویژن 1 کی ڈائریکٹر محترمہ فاطمہ عبداللہ نے خوش بیان کے ایگزیکٹو ممبران کا تعارف پیش کیا۔
    محترمہ ثمینہ مجتبیٰ ، صدر خوش بیان ٹوسٹ ماسٹرز کلب نے اسپانسرز اورکلب کے مینٹورزکی کاوشوں کو سراہا اور محترمہ علینہ ٹاکو، مسٹر پرتھاپ اننی اور محترمہ اولیٰ رشید کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر محترمہ ثمینہ مجتبیٰ نے کہا کہ خوداعتمادی اور باہمی روابط کو فروغ دینا کلب کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔ خوش بیان کلب ، انٹرنیشنل ٹوسٹ ماسٹرز کی جانب سے وضع کردہ ہدایات کی روشنی میں تمام امور خوش اسلوبی سے انجام دے گا۔ کلب کی 2ماہانہ میٹنگز انگلش زبان میں ہونگی جبکہ ارد وزبان میں بھی اسکا اجراء جلد ممکن ہو جائے گا۔ کلب 9سے 18 سال کے بچوں کے لیے بھی لیڈرشپ پروگرام جلد ہی شروع کر ے گا۔
    تقریب کے آخرمیں تمام مہمانوں کی تواضع ناشتے سے کی گئی۔

شیئر: