جدہ ( امین انصاری ) خاک طیبہ ٹرسٹ جدہ نے شکیل افسر کی وطن واپسی پر تقریب کا اہتمام کیا ۔ صدارت میر عارف علی صدر خاک طیبہ ٹرسٹ نے کی ، اعزازی مہمان بابر الزماں تھے ۔ سید خواجہ وقار الدین جنرل سیکریٹری و ٹرسٹی خاک طیبہ ٹرسٹ نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شکیل افسر کا تعارف کرایا اور انہیں تنظیم کی بنیاد کا پتھر قرار دیا ۔ انہوں نے شکیل افسر کی کارکردگی کا تفصیلی احاطہ کیا اور کہا کہ موصوف نے 39 سال مملکت میں ایک ہی کمپنی میں ملازمت کرتے ہوئے گزار دیئے جبکہ خاک طیبہ کی خدمت میں 26 سال کا عرصہ مکمل کیا ۔ انکی شخصیت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔ صدر میر عارف علی نے کہا کہ شکیل افسر انتہائی ملنسار ہیں۔ وہ ملت اسلامیہ کیلئے کی جانی والی فلاحی و سماجی کاموں میں اضافہ چاہتے ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ شکیل افسر کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ لمحوں میں صدیوں کا کام کردیں ۔وہ سچے دل اور ایمانداری سے قوم کی خدمت کرنے کا عزم رکھتے ہیں ۔ تقریب سے شمیم کوثر،احمد عبدالحکیم ،بابر الزماں ، اعجاز احمد خان اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شکیل افسر ٹرسٹ کے بانیوں میں سے تھے تاہم کبھی عہدے کی مانگ نہیں کی۔ شکیل افسر نے خاک طیبہ کو پروان چڑھانے میں تن ، من ، دھن کی قربانی دی ۔ انکی بے لوث خدمات کو ٹرسٹ اور اہل جدہ ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ مقررین نے کہا کہ موصو ف نے اپنے بچوں کی بہترین تربیت کی اور انہیں بھی ٹرسٹ کے کاموں سے جوڑے رکھا ۔ شکیل افسر نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہمیشہ شامل حال رہا کہ اس نے مجھ جیسے شخص سے قوم کی خدمت کا کام لیا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب نے میری ہمت افزائی کی اور مجھے کچھ کرنے کا موقع دیا جس کیلئے میں ٹرسٹ کے ایک ایک ممبر کا مشکور ہوں اور ساتھ میں جدہ میں مقیم حیدرآبادی کمیونٹی کے تمام احباب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ مجھے 39 سال برداشت کیا اور جاتے ہوئے مجھے اعزاز دیکر رخصت کررہے ہیں ۔