جدہ..... جدہ محکمہ صحت کے ترجمان عبداللہ الغامدی نے واضح کیا ہے کہ تارکین کے بچوں کی ویکسین مفت ہے اس پر کسی سے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ ہیلتھ سینٹرز میں ہر طرح کی ویکسین تمام بچوں کو وہ سعودی ہو ںیا غیر ملکی مفت دی جارہی ہے۔ الغامدی نے یہ وضاحتی تردید مقیم غیر ملکیوں کے اس شکوہ کے جواب میں جاری کی ہے جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ جدہ کے کئی ہیلتھ سینٹرز ویکسین کی فیس لے رہے ہیں۔ غیر ملکیوں نے اس طرح کے 13ہیلتھ سینٹرز کی نشاندہی بھی کررکھی ہے۔الغامدی نے کہا کہ غیر ملکیوں کایہ دعویٰ سراسر غلط ہے۔ تمام بچوں کو ویکسین مفت دی جاتی ہے۔البتہ وزارت صحت کے ادارے ایسے لوگوں سے جن کا علاج سرکاری اسپتالوں یا ہیلتھ سینٹر کے ذمہ نہیں ان سے معائنے اور علاج کی فیس وصول کرتے ہیں۔غیر ملکیوں نے بتایا کہ انہیں جب بھی اپنے بچوں کی ویکسین کرانا ہوتی ہے تو ان سے ویکسین سے ماقبل معائنے کے نام پر 100ریال لے لئے جاتے ہیں۔انکا کہناہے کہ ویکسین سے قبل کوئی معائنہ وغیرہ نہیں ہوتا۔ تارکین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جدہ کے کنگ فہد اسپتال کے ماتحت 13ہیلتھ سینٹرز کی قانونی پوزیشن کیا ہے ہمیں نہیں معلوم۔سبق ویب سائٹ کا کہناہے کہ اسے ویکسین سے ماقبل کے معائنے کی دستاویزات کی فوٹو کاپی مل گئی ہے۔ بعض ذرائع کا کہناہے کہ یہ کارروائی صرف کنگ فہد اسپتال کے ماتحت ہیلتھ سینٹرز میں کی جارہی ہے۔ کسی اور میں نہیں۔ واضح رہے کہ وزارت صحت اس سے قبل مملکت بھر میں موجوداپنے ماتحت 2259ہیلتھ سینٹرز کو تحریری طور پر ہدایت دے چکی ہے کہ بچوںکو تمام ویکسین مفت فراہم کی جائے۔ یہ کام فیس والے علاج پروگرام سے مستثنیٰ رکھا جائے۔ 2020ءکے اختتام تک سعودی عرب ہرطرح کے وبائی امراض سے پاک کرنے کے مشن کے تحت مفت ویکسین کا بندوبست کئے ہوئے ہے۔