Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں انٹرنیشنل اسکواش کی بحالی خوش آئند ہے، جہانگیر خان

  کراچی:اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے پاکستان میں اسکواش کے انٹرنیشنل مقابلوں کی ایک عشرے سے زیادہ عرصہ بعدبحالی کو خوش آئند قرار دیاہے۔کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ اسکواش چیمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے انٹرنیشنل اسکواش ایونٹس کے کامیاب انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کے حوالے سے مثبت پیغام گیا ہے۔ ایونٹس میں معروف غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آکر کھیلنا اچھا اقدام تھا جس کی تعریف کرنی چاہئے اور اس حوالے سے پاکستان اسکواش ایسوسی ایشن کا کردار بھی قابل تعریف ہے۔سابق عالمی چیمپیئن نے کہا کہ پاکستان میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد انٹرنیشنل اسکواش کی بحالی ملک میں اس کھیل کی ترقی میں اہم کردارادا کرے گی اور پاکستان کو اسکواش میں اپنے کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے میں بہت مدد ملے گی، میں کوشش کر رہا ہوں کہ پاکستان کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی ملے اور اس حوالے سے کافی پرامید ہوں۔جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ اسکواش ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے۔مقامی کھلاڑیوں کو بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کی کھیلوں کےلئے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔واضح رہے کہ 30 دسمبر تک جاری رہنے والی چیمپیئن شپ میں مینز اور ویمن ایونٹس کے مقابلے جاری ہیں اور اس میں 80 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

شیئر: