جنوبی افریقہ میں فتوحات حاصل کرینگے، ویرات کوہلی
جمعرات 28 دسمبر 2017 3:00
ممبئی:ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی اور کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بھی ٹیم فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی تاہم نہ صرف یہ دورہ بلکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف اچھی کارکردگی ہی ہندوستانی ٹیم کا اصل امتحان ہوگا۔ ٹیم کی جنوبی افریقہ روانگی سے روایتی پریس کانفرنس کے دوران شاستری نے اعتراف کیا کہ آئندہ18ماہ ٹیم کےلئے خاصے مشکل ہوں گے ۔ہم نے یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم ہوم گراونڈ اور ملتی جلتی وکٹوں پر ہی جیتنے والی ٹیم نہیں بلکہ تیز اور سرسبز وکٹوں پر اچھی کارکردگی دکھانے کے اہل ہیں۔ہندوستانی کپتان نے کہا کہ اگرچہ ہم جنوبی افریقہ میں ابھی تک کوئی سیریز نہیں جیتے تاہم اس مرتبہ صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ کھلاڑیوں پر کسی قسم کا کوئی دباو نہیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔میں اس صورتحال پر ذاتی طور پر بہت خوش ہوں کیونکہ اگر ٹیم یا کھلاڑی دباو سے آزاد ہو کر کھیلےں گے تو سامنے کوئی بھی ہو اسے ہرانا مشکل نہیں ہوگا جبکہ غیر ضروری دباﺅ ہمیشہ مسائل کا باعث بنتا ہے اور اس کیلئے ہوم گراﺅنڈ یا باہر کھیلنے کی کوئی تخصیص بھی نہیں۔ٹیم کے ہر رکن کو علم ہے کہ ہم نے کیا کرنا ہے اور اس حوالے سے ہمارے ذہن بالکل صاف ہیں اس لئے اچھے نتائج کی توقع کرنا غلط نہیں ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں شاستری نے کہا کہ آئندہ18ماہ یہ بھی واضح کردیں گے کہ بطور ٹیم ہم کہاں کھڑے ہیں۔ یہ عرصہ ہماری کرکٹ تاریخ میں کئی سنہرے ابواب کا اضافہ کرسکتا ہے لیکن اس کےلئے ہر کھلاڑی کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ان توقعات پر پورا اترنے کا اہل ہے جو اس سے وابستہ کی گئی ہیں۔