کوالا لمپور۔۔۔ملائیشیا میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو صرف اس بات پر طلاق دیدی کہ وہ اسے ویڈیو گیم کھیلنے سے روکتی رہی اور آخرکار اس کا ویڈیو گیم اکاؤنٹ ہی فروخت کردیا۔خاتون کا تعلق چین سے ہے اور وہ شادی کے بعد ملائیشیا آگئی تھیں۔ سب کچھ ٹھیک چلتا رہا لیکن 2سال قبل کنگ آف گلوری ریلیز ہوا اور اس کا شوہر دن رات اسی گیم کو کھیلنے لگا۔ پہلے دونوں میاں بیوی نے یہ گیم کھیلا اور اسکے بعد شوہر اپنے آن لائن دوستوں سے مقابلہ کرنے لگا۔اسکے بعد وہ گیم کھیلنے کیلئے صبح سویرے بیدار ہوجاتا جس سے گھر کے دیگر لوگ شدید نظر انداز ہوتے گئے۔ یہاں تک کہ گیم کی لت سے اس نے باہر نکلنا بھی کم کردیا۔ اس سے تنگ آکر خاتون نے ایک رات اپنے شوہر کا اسمارٹ فون اٹھایا اور اس کا گیم اکاؤنٹ فروخت کردیا۔یہ25سالہ شخص کنگ آف گلوری جیسے وقت طلب ویڈیو گیم کا اس قدر رسیا ہوچکا تھا کہ اسی لت کی بنا پر اس نے اپنی بیوی اور بچی تک کو چھوڑنے سے دریغ نہیں کیا۔ وہ گیم اکاؤنٹ فروخت کرنے پر شدید برہم ہوگیا اور اس نے ایک صبح بیدار ہونے کے بعد اپنی بیوی کا ہاتھ پکڑا، اسے سیڑھیوں تک گھسیٹ کر نیچے اتاردیا اور کہا کہ اب وہ اسے طلاق دے رہا ہے اور وہ ملائیشیا چھوڑ کر اپنے ملک چین جاسکتی ہے۔